عورت مارچ ہے کیا اور اس کی اصل حقیقت کیا ہے؟

image

ہر سال مارچ کا مہینہ شروع ہوتے ہی سوشل میڈیا جنگ کا میدان بن جاتا ہے جس کی وجہ 8 مارچ کو یومِ خواتین کے موقع پر جگہ جگہ ہونے والے مختلف مارچ ہیں۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ہر سال خواتین اکھٹا ہو کر مختلف نعرے کیوں لگاتی ہیں؟ ان ہونے والے مارچ کی حقیقت کیا ہے؟

عوام کی ایک بڑی تعداد اس کے تصور سے ہی نا واقف ہے۔ ہمارا ایک بڑا المیہ یہ ہے کہ ہم صرف بظاہر نظر آنے والی چیز دیکھتے ہیں، چلو دیکھنے تک تو ٹھیک لیکن ہم بِنا اس بات کی تہہ تک پہنچنے کے اس کے بارے میں اپنی رائے اور اپنے نظریات پیش کرنے لگتے ہیں کہ فلاں ٹھیک ہے اور فلاں غلط۔ جیسے اگر ہم گزشتہ روز ہونے والے واقعے کو دیکھیں جس میں آن ائیر ہمارے معاشرے کے باعزت افراد نے کیسے اخلاقیات کی دھجیاں بکھیریں تو کلیجہ منہ کو آجائے، اور اس سے بھی بڑی افسوس کی بات یہ کہ لوگ اس پر بھی بنا سوچے سمجھے اپنی اپنی رائے دے رہے ہیں۔


اگر ہم اِس واقعے کی بات کریں اور دِماغ سے سوچیں تو دونوں ہی افراد غلط تھے۔ جب ڈرامہ رائٹر نے گفتگو کے آغاز سے قبل یہ باور کروا دِیا تھا کہ بیچ میں کوئی نہ بولے تو خاتون صحافی و سماجی کارکن کو خاموش رہنا چاہیے تھا، انہوں نے مصنف کی گفتگو کے بیچ میں نعرہ کیوں لگایا؟ چلیں اب نعرہ لگا ہی دِیا تو کیا ایک رائٹر کو یہ زیب دیتا ہے کہ وہ لائیو شو میں اس قدر گندی زبان استعمال کرے؟ گالیاں دے؟ ایک مصنف ہمارے معاشرے پر گہرے اثرات مرتب کرتا ہے۔ کیا ان کی اس قسم کی گفتگو، گالیوں اور غیر اخلاق حرکت کو فروغ نہیں دے گی؟

دوسری جانب اگر بات کی جائے عورت مارچ کے حوالے سے تو یہ نظر آتا ہے کہ ہمارا معاشرہ بھی اس معاملے میں تقسیم ہے- اس وقت عورت مارچ سے متعلق مختلف رائے رکھنے والے معاشرے میں تین طبقے موجود ہیں- ایک وہ جو عورت مارچ کے خلاف ہیں دوسرے وہ جو اس کے حق میں ہیں جبکہ ایک طبقہ ایسا بھی ہے جو کہتا ہے عورت مارچ ضرور ہونا چاہیے لیکن ایسا نہیں جیسا اس وقت ہورہا ہے- ان کا ماننا ہے کہ عورت مارچ میں کیے جانے والے مطالبات اور اٹھانے جانے والے بینر خود عورت کی تذلیل ہیں اور وہ خواتین کا وقار مجروح کر رہے ہیں۔


اس طبقے کے خیال میں عورتوں کو اس طرح کی آزادی کا مطالبہ کرنے کے بجائے اپنے لیے تعلیم اور وراثت میں حق جیسے مطالبات کرنے چاہئیں اور انہی مطالبات کو منوانے کے لیے عورت مارچ ہونا چاہیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US