سید مراد علی شاہ ایک پاکستانی سیاستدان ہیں اور موجودہ وزیر اعلیٰ سندھ اور صوبائی سندھ اسمبلی کے رکن ہیں۔ مراد علی شاہ صوبہ سندھ کے انتیسویں وزیر اعلیٰ ہیں۔
مراد علی شاہ 8 نوبر 1962 میں کراچی میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق پاکستان کی دوسری بڑی سیاسی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے۔
انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم کراچی کے سین پیٹرک اسکول سے حاصل کی جبکہ اعلیٰ ثانوی تعلیم گورنمنٹ ڈی جے سائنس کالج میں حاصل کی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے این ای ڈی یونیورسٹی سول انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی، اس کے علاوہ امریکہ کی اسٹینفرڈ یونیورسٹی کیلیفورنیا سے بھی سول اسٹرکچرل انجینئرنگ اور اکنامک انجینئرنگ میں بھی ماسٹرز کی تعلیم حاصل کی-
مراد علی شاہ نے 1986 سے 1990 تک حکومتِ سندھ کی جانب سے واٹر اینڈ پاور اتھارٹی واپڈا میں اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔
انہوں نے سن 2000 میں سیاست میں قدم رکھا تھا جب ان کے والد بیرونِ ملک منتقل ہوگئے تھے اور ان کے جانے کے بعد سید مراد علی شاہ کو سیاست میں آنے کا گرین سگنل ملا۔
مراد علی شاہ کو سیاست وراثت میں ملی۔ ان کے والد مرحوم عبداللہ شاہ صوبہ سندھ کے سابق وزیرِ اعلیٰ رہ چکے ہیں اور وہ جس نشست سے منتخب ہوئے تھے بعد ازاں مراد علی شاہ نے بھی وہیں سے دوبارہ الیکشن میں کامیابی حاصل کی تھی۔
اس کے علاوہ سید مراد علی شاہ وزیر خزانہ، وزیر آپباشی اور وزیر توانائی بھی رہ چکے ہیں۔
29 جولائی 2016 کو سندھ اسمبلی کے اراکین نے مراد علی شاہ کو سندھ کا نیا وزیر اعلیٰ منتخب کرلیا تھا۔
اگست 2018 کے عام انتخابات میں مراد علی شاہ سندھ کے دوبارہ وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے تھے اور آج بھی اپنی ذمہ داریاں سنبھالے ہوئے ہیں۔