کسی بیرون ملک یا دوسرے شہر سفر کے دوران اگر آپ کا پاسپورٹ گم ہوجائے تو سنگین مسائل پیدا ہوجاتے ہیں اور انسان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔ لیکن پریشانی کی کوئی بات نہیں، ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ ایسی پیچیدہ صورتحال میں آپ کو کیا کرنا چاہئے۔
سب سے پہلے تو اپنے اعصاب پر قابو رکھیں اور ذہن لڑائیں کہ آپ نے آگے کیا کرنا ہے۔ یہ یاد کرنے کی کوشش کریں کہ آخری بار پاسپورٹ کہاں رکھا تھا۔ کہیں چائے یا کافی پیتے ہوئے ہوٹل کی ٹیبل پر رکھ کر تو نہیں بھول آئے۔
دوسرا آپ سوشل میڈیا کی مدد لے سکتے ہیں، کرنا آپ نے یہ ہے کہ اپنی تصویر کے ساتھ فیس بک یا ٹوئٹر پر اسٹیٹس اپ لوڈ کریں۔ اگر آپ کی قسمت اچھی ہوئی تو کوئی نہ کوئی آپ کی مدد کو ضرور آپہنچے گا۔
اس کے علاوہ آپ کو فوری طور پر پولیس اسٹیشن جاکر پاسپورٹ گمشدگی کی رپورٹ درج کروانی چاہئے تاکہ اس کی مدد سے آپ دوسرے پاسپورٹ یا ایمرجنسی پرمٹ کے حصول کے لئے کام شروع کرسکیں۔ اپنے ملک کی ایمبیسی جائیں اس پولیس رپورٹ کی کاپی ایمبیسی میں پیش کریں اور ایمرجنسی پرمٹ کے لئے درخواست دیں۔ اس پرمٹ کے ملنے کے بعد آپ اپنے ملک جاسکیں گے۔
ایمبیسی جانے سے پہلے احتیاطاً پاسپورٹ سائز تصویر اپنے ہمراہ لے کر جائیں کیونکہ ممکن ہے کہ عملہ آپ سے تصاویر کا مطالبہ کرے۔
سب سے اہم آپ یہ کریں گے کہ اپنے پاس کچھ رقم کا انتظام رکھیں کیونکہ آپ کو پاسپورٹ یا ایمرجنسی پرمٹ کے لئے فیس ادا کرنی ہوگی ۔ ممکن ہے کہ جس ملک میں آپ ٹھہریں ہوں وہاں سے نکلنے کے لئے آپ کو ایگزٹ ویزہ درکار ہو لہٰذا اس کی فیس بھی ادا کرنی ہوگی۔
آخر میں سب سے ضروری ہدایت یہ ہے کہ جب بیرون ملک سفر شروع کریں تو لازمی پاسپورٹ کی ایک نقل کاپی اور ایک اسکین کاپی اپنے ای میل میں رکھیں تاکہ کسی بھی مشکل صورت کو ہینڈل کیا جا سکے۔