پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں شامل 6 کھلاڑی کورونا وائرس سے متاثر، رپورٹ مثبت آگئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سے کرکٹ میچ کے لئے نیوزی لینڈ روانہ ہونے والے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے 6 کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی ہے، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والے 6 کھلاڑیوں میں سے 2 کھلاڑی دوسری بار کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔
کرکٹ نیوزی لینڈ کے مطابق کرکٹ اسکواڈ کے کرائسٹ چرچ پہنچنے پر تمام کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ کرائے گئے جس کے نتائج سے معلوم ہوا کہ نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے 6 کھلاڑی مہلک عالمی وبا کا شکار ہیں، تاہم ان 6 کھلاڑیوں کو قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے جہاں یہ اراکین مینجڈ آئسولیشن میں رہیں گے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ حکام نے تحقیقات مکمل ہونے تک پاکستانی کھلاڑیوں کی ٹریننگ کی سہولت بھی مؤخر کردی ہے۔