خیرات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے اس جوڑے کی کہانی جو دوسری بار 10 لاکھ پاؤنڈز کی لاٹری جیت گیا

قسمت جاگنے کی کوئی اس سے بہتر مثال کیا ہی ہو سکتی ہے کہ آپ کی لاٹری لگے، وہ بھی دوسری مرتبہ۔ ایک برطانوی جوڑے کے ساتھ ایسا ہی کچھ ہوا ہے جس نے ناممکن کو ممکن بنا دیا ہے اور دو مرتبہ 10 لاکھ پاؤنڈز کی لاٹری اپنے نام کر لی۔
جب جوڑے نے 2018 میں لاٹری جیتنے پر جشن منایا
National Lottery
جب جوڑے نے 2018 میں لاٹری جیتنے پر جشن منایا

قسمت جاگنے کی کوئی اس سے بہتر مثال کیا ہی ہو سکتی ہے کہ آپ کی لاٹری لگے، وہ بھی دوسری مرتبہ۔ ایک برطانوی جوڑے کے ساتھ ایسا ہی کچھ ہوا ہے جس نے ناممکن کو ممکن بنا دیا ہے اور دو مرتبہ 10 لاکھ پاؤنڈز کی لاٹری اپنے نام کر لی۔

49 سالہ رچرڈ ڈیویز اور 43 سالہ فائے سٹیونسن ڈیویز نے پہلے جولائی 2018 کے دوران یورو ملینز ملیئن ایئر میکر میں 10 لاکھ پاؤنڈز کا انعام جیتا تھا۔ اور اس بار 26 نومبر کو انھوں نے دوبارہ لوٹو ڈرا میں 10 لاکھ پاؤنڈز کی نیشنل لاٹری جیت لی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کے امکانات کا تناسب 24 کھرب میں ایک تھا۔

مڈ ویلز سے تعلق رکھنے والی فائے کہتی ہیں کہ ’ہمیں معلوم تھا کہ دوبارہ ایسا ہونا ناقابلِ یقین ہے۔ لیکن ہم اس بات کا ثبوت ہیں کہ اگر آپ یقین کریں تو کچھ بھی ممکن ہے۔‘

لیکن رچرڈ وضاحت کرتے ہیں کہ دوسری بار جیت کی وجہ صرف درست نمبرز کا انتخاب نہیں تھا۔ ’ہمارے پاس مسلسل چار لوٹو ڈرا نمبرز کے سلسلے کی ٹکٹیں تھیں۔‘

’جب لوٹو ڈرا میں آپ کے دو نمبرز میچ ہو جائیں تو آپ خود بخود اگلی گیم کے لیے ’لکی ڈِپ‘ جیت جاتے ہیں۔ یہی ہمارے ساتھ ہوا۔‘

’ہمارے دو نمبرز میچ ہوئے اور ہم اگلے لکی ڈرا کے لیے اہل ہو گئے۔ یہ سلسلہ 26 نومبر کے حتمی ڈرا تک جاری رہا۔‘

نیشنل لاٹری کے منتظم ادارے ’آل وِن‘ کے ماہرین کے مطابق رچرڈ اور فائے کے یورومیلینز ملینیئر میکر جیتنے اور پھر لوٹو میں پانچ نمبر اور بونس بال ملانے کے امکانات 24 کھرب میں ایک سے تھے۔

اب یہ امکان کم ہے کہ تازہ انعامی رقم سے جوڑے میں اپنی کمیونٹی کی خدمت سے متعلق جذبہ ماند پڑ جائے۔

رچرڈ سابقہ ہیئر ڈریسر ہیں اور وہ اپنی مہارت کارڈف میں بے گھر افراد کے لیے قائم شیلٹر میں استعمال کرتے ہیں۔ یہ نیشنل لاٹری کی فنڈنگ سے چلنے والا ایک منصوبہ ہے۔ وہ اس کے ساتھ اپنے دوستوں کی مدد کے لیے بطور ڈیلیوری ڈرائیور بھی کام کرتے ہیں۔

جبکہ سابقہ نرس فائے کارمارتھن میں کیگن ہیڈن کمیونٹی کچن میں رضاکارانہ طور پر کھانا پکاتی ہیں۔ وہ اس کے ساتھ مقامی تنظیموں جیسے بریکن اینڈ ڈسٹرکٹ مائنڈ چیریٹی کے لیے ذہنی صحت کی خدمات فراہم کرتی ہیں۔

فائے اس قدر انسانی خدمت کا جذبہ رکھتی ہیں کہ وہ کرسمس پر بھی کام کر رہی ہوں گی۔ وہ کہتی ہیں کہ ’پہلی بار جب ہم جیتے تو ہم نے لوگوں کو گاڑیاں دیں، مقامی رگبی ٹیم کو ایک منی بس عطیہ کی اور دوستوں اور خاندان کی مدد کے لیے اپنی پوری کوشش کی۔‘

’یہ سب نیا تھا اور یہ حیرت انگیز تھا کہ ہم لوگوں کی زندگی میں فرق ڈال سکے۔‘

’اس بار ہم کیا کریں گے اس کے بارے میں کون جانتا ہے؟ ہم بس فی الحال اس لمحے کو انجوائے کر رہے ہیں۔‘

بی بی سی ریڈیو ویلز ڈرائیو سے بات کرتے ہوئے رچرڈ نے کہا کہ اس بار انھوں نے عوامی سطح پر آنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ ’پہلی جیت کے بعد سے ہم لاٹری اور چیریٹی کے ساتھ کافی تقریبات میں شامل رہے ہیں۔‘

ان کے مطابق ’باہر بہت کچھ مثبت ہو رہا ہے اور اس وقت خبروں میں بہت زیادہ مایوسی ہے۔ یہ (لاٹری) بس تھوڑی سی خوشی ہے۔‘

لاٹری جیتنے والوں کے لیے مشیر اینڈی کارٹر کا کہنا ہے کہ ’مجھے اب بھی وہ دن یاد ہے جب میں نے پہلی بار رچرڈ اور فائے سے ملاقات کی تھی جب وہ جیتے تھے۔ اب ان کی دوسری 10 لاکھ پاؤنڈز کی جیت دوبارہ اتنی ہی خاص ہے۔‘

وہ کہتے ہیں کہ ’میں نے پہلی جیت کے مثبت اثرات دیکھے اور میں جانتا ہوں کہ یہ دوسری جیت بھی اتنی ہی معنی خیز ہوگی۔‘


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US