انٹرمیڈیٹ کا ادھورا سمارٹ سلیبس جاری ہونے پر لاکھوں طلبا پریشان ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر میں کورونا وائرس کے پیش نظر لگائے گئے لاک ڈاؤن سے پہنچنے والے تعلیمی نقصان سے نمٹنے کے لئے پنجاب حکومت نے انٹرمیڈیٹ کی سطح پر اسمارٹ سلیبس کی سفارش منظور کی تھی۔ جس کا مقصد انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کے کورس کو مکمل کرانا ہے۔
اس کے لئے باقاعدہ طور پر نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا۔ تاہم اب پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کی بڑی غفلت سامنے آئی ہے۔ انٹرمیڈیٹ کا ادھورا اسمارٹ سلیبس جاری ہونے پر لاکھوں طلبا پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ کے مضامین کا اسمارٹ سلیبس تو جاری کیا گیا کا لیکن آرٹس جنرل سائنس کے مضامین کا اسمارٹ سلیبس جاری نہ کیا گیا جس کے باعث انٹرمیڈیٹ آرٹس جنرل سائنس کے مضامین پرھنے والے طلبا پریشان ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پہلے ہی اسکول کالجوں کے طلبہ کی پڑھائی کا بہت نقصان ہوچکا ہے اور اب ٹیکسٹ بک بورڈ کی غفلت کی وجہ سے طلبہ کی پریشانی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔