حریم شاہ سے3 لاکھ میں 100 گز کا پلاٹ خریدیں، عوام کیلئے سستے پلاٹ فراہم کرنے کا اعلان۔
تفصیلات کے مطابق ویڈیوز اور تصاویر سے شہرت حاصل کرنے والی ٹک ٹاکر حریم شاہ نے پراپرٹی بینک مارکیٹنگ نیٹ ورک کے ساتھ اشتراک کر کے عوام کیلئے سستے پلاٹ فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، اب عوام صرف حریم شاہ سے3 لاکھ میں 100 گز کا پلاٹ خرید سکے گی۔
اس حوالے سے حریم شاہ کا کہنا ہے کہ یہ اسکیم کراچی کے بےگھر افراد کے لئے اپنی چھت کے خواب کی تعبیر ممکن بنانے کے وعدے کے ساتھ تشکیل دی گئی ہے، اور یہی وجہ ہے کہ 100 گز کا پلاٹ انتہائی کم قیمت میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
حریم شاہ نے انسٹاگرام پر ویڈیو جاری کی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ''آپ کو پراپرٹی بینک مارکیٹنگ کے حوالے سے معلومات دینا تھیں، ویسے تو آپ گوگل سے بھی تمام تفصیلات لے سکتے ہیں، جن افراد نے فارم لینے ہیں وہ پراپرٹی بینک مارکیٹنگ کے آفس آ جائیں اور فارم با آسانی حاصل کریں، فارم یہیں جمع بھی کیے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ ہم جلد از جلد گھر کے بارے میں آپ کے خواب کی تعبیر بنیں گے''۔
حریم شاہ نے اس کے بعد ایک اور انسٹا پوسٹ میں پلاٹس حاصل کرنے کے خواہشمندوں کیلئے پرنٹ کروایا جانے والا فارم بھی شیئر کیا۔
تاہم سوشل میڈیا پر حریم شاہ کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے، امتیاز چانڈیو نامی ایک ٹوئٹر صارف نے اسکیم سے متعلق پریس ریلیز شئیر کرتے وہئے لکھا کہ 'ٹک ٹاک کی سستی شہرت کے بعد نوجوانوں کے لیے سستی بستی اسکیم شروع کرکے انہیں اکٹھا کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی ہے تاکہ وہ مزید جگہوں پر بھٹکنے سے بچ جائیں'۔
واضح رہے کہ حریم شاہ کو متنازع ٹک ٹاک ویڈیوز سے شہرت حاصل ہوئی، حریم شاہ نے ٹک ٹاک کے علاوہ سیاستدانوں اور معروف شخصیات کے ساتھ بھی ویڈیوز بنائیں جن میں وزیراعظم عمران خان بھی شامل ہیں۔