پاکستان کی نجی ایئر لائن سرین ایئر کو سعودی عرب کیلئے فضائی آپریشن کی اجازت، 2 سال کیلئے سرٹیفکیٹ جاری۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی نجی ایئر لائن کو سعودی عرب کیلئے فضائی آپریشن کی اجازت مل گئی ہے جس کا فلائٹ آپریشن جنوری کے وسط سے شروع کیا جائے گا، سعودی ایوی ایشن نے پاکستان کی نجی ایئر لائن ''سرین ایئر'' کو لائسنس جاری کر دیا ہے۔
سعودی ایوی ایشن کی جانب سے ایئرلائن سرین ائیر کو 2 سال کیلئے سرٹیفکیٹ جاری کیا ہے تاہم ہر سال اس کی تجدید کی جائے گی، جبکہ نجی ائیر لائن کا سعودی عرب کیلئے فلائٹ آپریشن جنوری کے وسط سے شروع ہو گا۔
ایئر لائن سرین ایئر کی انتظامیہ کے مطابق سعودی عرب میں فضائی آپریشن بحال ہوتے ہی پروازوں کا آغاز کیا جائے گا، تاہم کراچی، اسلام آباد، لاہور اور پشاور سے پروازیں آپریٹ ہوں گی۔
نجی ائیر لائن پہلے مرحلے میں جدہ اور ریاض کیلئے پروازیں آپریٹ کرے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں مدینہ، دمام اور دیگر شہروں کیلئےآپریشن شروع کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سول ایوی ایشن نے نجی ایئر لائن کو دسمبر میں انٹر نیشنل فلائٹ آپریشن کی اجازت دی تھی اور فلائٹ شیڈول جمع کرانے کی ہدایت بھی کی تھی تاہم سرین ائیر کی جانب سے بین الاقوامی فلائٹ آپریشن جنوری 2021 سے شروع ہو گا۔