کراچی واٹر بورڈ کی غفلت، پانی کی لائن پھٹنے سے گلبہار انڈر پاس تالاب کا منظر پیش کرنے لگا، تاحال مرمت نہ کی جا سکی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گولیمار میں گلبہار کے قریب پانی کی لائن پھٹ گئی جس کے باعث گلبہار انڈر پاس میں پانی بھر گیا، تاہم واٹر بورڈ انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
گولیمار انڈر پاس کے اوپر سے جانے والی صاف پانی کی لائن پھٹنے سے بہنے والا پانی انڈر پاس میں گرنے سے انڈر پاس پانی سے بھر گیا ہے جس کے باعث ہزاروں گیلن صاف پانی ضائع ہو گیا ہے جبکہ انڈر پاس کو ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا کیا گیا اور پولیس کو بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔
تاہم کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود تاحال اس لائن کی مرمت کے لئے واٹر بورڈ نے کوئی اقدام نہیں کیا، شکایات موصول ہونے پر واٹر بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ پھٹنے والی لائن کی مرمت جلد شروع کر دی جائے گی، متاثرہ لائن سے پانی کی فراہمی اطلاع ملتے ہی بند کر دی گئی تھی، تاہم لائن میں موجود پانی بہہ رہا ہے۔
اس حوالے سے ایم ڈی واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ متعلقہ عملہ اور مطلوبہ بھاری مشینری مرمت کے کام کے لیے جلد پہنچ جائے گی، جبکہ ناظم آباد اور گلبہار کو متبادل لائنوں سے پانی فراہم کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ انڈر پاس بند ہونے سے لیاقت آباد سے پاک کالونی آنے اور جانے والے ٹریفک کو متبادل راستے کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔