کراچی کے ماضی کو بیان کرتی تاریخی عمارتیں رنگ دی گئیں، آخر یہ رنگ کس نے کروایا تاحال معلوم نہ ہو سکا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے برنس روڈ پر واقع تاریخی عمارتوں کو رنگ دیا گیا ہے، ماضی کا حال بتاتی یہ عمارتیں صدیوں پُرانی ہیں تاہم انہیں خلافِ قانون رنگ دیا گیا، مگر کراچی کے ثقافتی ورثے پر رنگ و روغن کس نے کیا؟ کسی کے پاس کوئی جواب نہیں۔
تاریخی عمارتوں پر رنگ کس نے کیا؟ ضلعی انتظامیہ بھی اس سے مکر گئی۔
اس حوالے سے محکمہ ثقافت کے حکام کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو منظوری کے بغیر تاریخی عمارتوں پر کام سے روکا تھا تاہم پھر بھی خلافِ قانون جا کر یہ کام کروا دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر جنوبی کہتے ہیں عمارتوں پر رنگ و روغن سول سوسائٹی نے کروایا ہے، تاہم معاملہ نوٹس میں آنے کے بعد رنگ و روغن کے کام کو رکوا دیا گیا ہے۔
واضح رہے ان تاریخی عمارتوں پر رنگ و روغن کا کام گزشتہ برس سے جاری ہے تاہم اس معاملے پر نوٹس تاخیر سے لیا گیا۔