قانونی طریقے سے بھی غیر قانونی کام ہونے کا انکشاف، 2 کھرب ڈالر باہر کیسے بھیجے گئے؟

image

قانونی طریقے سے بھی 2 کھرب ڈالر باہر بھیجے جانے کا انکشاف، سابق چیئر مین ایف بی آر شبر زیدی نے نیا انکشاف کر دیا۔

نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے بڑے انکشاف کر دیئے، کہا مافیا ہر سیکٹر میں موجود ہیں، انہوں نے انکشاف کیا کہ ایسے کاروبار بھی ہیں جو کہ کاغذات پر موجود نہیں لیکن پُر سکون طریقے سے چلائے جا رہے ہیں، ماناپا ایشو کے موقع ہر بھی کہا تھا کہ پیسہ صرف غیر قانونی نہیں بلکہ قانونی طریقے سے بھی باہر بھیجا گیا ہے انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان کا 200 بلین ڈالر قانونی طریقے سے بھی باہر گیا ہے۔

اس موقع پر شبر زیدی کا کہنا تھا کہ مختلف کاروبار کا رجسٹرڈ نہ ہونا بھی مسائل کی وجہ ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے اب بھی 150 بلین ڈالر بیرونِ ملک موجود ہیں، جب 2016 میں کتاب لکھی تھی تب بھی بتایا تھا کہ 120 بلین ڈالر باہر موجود ہیں جو اب بڑھ کر 150 بلین ہو گئے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ 'ہر سیمینار میں کہہ چکا ہوں پاکستان کا بزنس ماڈل کوریا کا ہوگا، دبئی کا نہیں، ہم نے ایمنسٹی نہیں دی تھی بلکہ ایسٹ ڈیکلیئریشن رکھا تھا، ہم چاہتے ہیں ایسٹ ڈیکلیئریشن ہو اور پاکستانیوں کی جائیدادیں ضبط نہ ہوں، برطانیہ میں اثاثوں کا نیا قانون آ چکا ہے جس پر کارروائیاں ہو رہی ہیں، امید ہے اس سے پاکستان کا کوئی فائدہ ہو سکے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے عمران خان کو مشورہ بھی دے دیا کہا 'عمران خان معاشی معاملات کو عوام کے سامنے کھول کر رکھ دیں، ان کو مشورہ ہے معاشی معاملات سے عوام کو آگاہ کریں، جن لوگوں سے ٹیکس لینا تھا ان لوگوں نے مجھے چلنے نہیں دیا، وزیر اعظم، بیورو کریسی اور اداروں نے بھرپور سپورٹ کیا، لیکن بینکوں سے مجھے معلومات نہیں ملیں جس کی وجہ سے میں نا کام ہوا۔

شبر زیدی نے عمران خان کو شریف اور سیدھا حاکم بھی قرار دے دیا، انہوں نے اپنی نا کامیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ 'مختلف ریفارمز کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکا، شناختی کارڈ کو این ٹی این نمبر بنانے کی کوشش میں ناکامی ہوئی، مجھے بڑا موقع دیا گیا لیکن کامیاب نہیں ہو سکا، عمران خان جیسا شریف اور سیدھا حاکم نہیں دیکھا ہے، مجھے شرمندگی ہے کہ مجھ پر اعتماد کیا گیا لیکن میں نتائج نہیں دے سکا'۔

شبر زیدی نے لوگوں کو پیغام دیا کہ وزیر اعظم عمران خان ہمارے لیے نعمت ہیں اسے ضائع نہ کریں، وہ پاکستان میں معاملات درست کر سکتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US