پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری، ملک کے بالائی علاقوں میں بھی برفباری کے نئے سلسلہ کا آغاز ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سرد ہواؤں کا راج ہے کہیں ابرِ رحمت برس رہی ہے تو کہیں پہاڑوں نے سفید دوشالہ اوڑھ لی ہے، لاہور شیخوپورہ، سیالکوٹ، سرگودھا، حافظ آباد اور وہاڑی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں آج وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔
لاہور کینٹ کے علاقے میں ژالہ باری، فیصل آباد، گوجرانوالہ، کامونکی اور مری میں بھی گرج چمک کےساتھ بارش ہوئی، تاہم سالِ نو کی پہلی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے باعث مزکورہ علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
دوسری جانب بالائی علاقوں میں برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، تاہم بالائی علاقوں میں اب تک 2 فٹ سے زیادہ برف باری ہو چکی ہے۔
گلگت بلتستان کے ضلع استور میں برف باری سے نظامِ زندگی متاثر ، لوگ گھروں کے اندر محصور ہو گئے، آزاد کشمیر کے مختلف مقامات پر بھی برف سے ڈھک جانے کی وجہ سے راستے ٹریفک کے لیے بند کر دیئے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے کم درجہ حرارت گوپس میں منفی 12 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ استور میں منفی 9، کوئٹہ میں منفی 7 اور گلگت میں منفی 3 رہا۔
پشاور میں ایک، اسلام آباد میں 6، جبکہ کراچی میں 7 اور لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
خیال رہے کہ کراچی میں جاری سردی نے گزشتہ دس سال کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں شہرِ قائد میں اس سے قبل 2010 میں اس قدر شدید سردی کی لہر محسوس کی گئی تھی۔