پنجاب پولیس کی خاتون ایس پی عائشہ بٹ اپنے ہی محکمے کے خلاف بول پڑیں، ٹرانسفر اور پوسٹنگ محکموں کے متعلق اہم انکشاف۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کی خاتون ایس پی عائشہ بٹ اپنے محکمے کے خلاف آواز اُٹھا دی، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر محکمہ پنجاب پولیس کے خلاف ایس پی عائشہ بٹ نے پیغام جاری کر دیا۔
اپنے پیغام میں جذبات کا اظہار کرتے ہوئے عائشہ بٹ نے کہا کہ ''ذاتی پسند ناپسند پر ٹرانسفر اور پوسٹنگ محکموں کو برباد کر رہی ہے، پسند نا پسند کی بنیاد پر افسروں کا کیریئر بھی متاثر کیا جا رہا ہے''۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ''افسوس! اس بات کو چھپانے کے لیے کرپشن اور کام نہ کرنے کا الزام لگا دیا جاتا ہے''۔
واضح رہے کہ اس وقت عائشہ بٹ پولیس ٹریننگ کالج میں ایس پی ٹریننگ تعینات ہیں، اُنہوں نے نجی ٹی وی کو دیئے انٹر ویو میں کہا کہ دیگر محکموں میں بھی اسی طرح کیا جاتا ہے۔
تاہم نجی ٹی وی سے گفتگو کے بعد عائشہ بٹ نے اپنا ٹوئٹ ڈیلیٹ کر دیا۔
خیال رہے کہ پنجاب پولیس ٹریننگ کالج کی ایس پی عائشہ بٹ کے شوہر عبد الوہاب لاہور میں ایس پی انویسٹی گیشن تعینات ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایس پی عائشہ کے شوہرعبد الوہاب کو سابقہ سی سی پی او عمر شیخ کے کہنے پر ہی تعینات کیا گیا تھا، تاہم عمر شیخ نے میاں بیوی دونوں کی اکٹھی پوسٹنگ پر اعتراض کیا تھا۔
نجی ٹی وی کے ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ عائشہ بٹ نے ڈاکٹر آنوش اور بلال قیوم کے جانے پر ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن کی سفارش بھی کروائی لیکن انہیں پوسٹنگ نہیں مل سکی۔