چار ہلاکتیں، واشنگٹن میں کرفیو نافذ، ٹرمپ کے حامیوں نے امریکہ کے دارالحکومت کو میدان جنگ بنا دیا

image

واشنگٹن میں ہنگامہ آرائی میں 4 افراد ہلاک، میئر نے پبلک ایمرجنسی نافذ کر دی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ٹرمپ کے حامیوں کی ہنگامہ آرائی میں ایک خاتون سمیت 4 افراد کی ہلاکت کے بعد واشنگٹن کی میئر موریل باؤزر نے شہر میں پبلک ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

اس حوالے سے میئر موریل باؤزر کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی کا نفاذ 21 جنوری تک ہو گا جبکہ ایمرجنسی نومنتخب صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری تک امن و امان برقرار رکھنے کیلئے نافذ کی گئی ہے۔

امریکا کے نو منتخب صدر جو بائیڈن کی انتخابات میں جیت کی توثیق کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی بے قابو ہو گئے اور امریکی پارلیمنٹ کی عمارت کیپیٹل پر دھاوا بول دیا ہے۔

مشتعل مظاہرین لاٹھی، ڈنڈے اور جھنڈے لے کر عمارت میں گھس گئے، اور شدید توڑ پھوڑ کی تاہم پولیس سے جھڑپوں میں کئی اہلکار زخمی بھی ہوئے جس کے بعد پولیس کو شیلنگ کرنا پڑی، ہنگامہ آرائئی کے دوران فائرنگ بھی کی گئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 4 افراد ہلاک ہو گئے۔

تاہم امریکی پارلیمنٹ عمارت پر صدر ٹرمپ کے مشتعل حامیوٕں کی ہنگامہ آرائی کے بعد واشنگٹن ڈی سی میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے، تاہم یہ کرفیو پورے شہر پر لاگو ہو گا۔

دوسری جانب خبر ایجنسی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی سینیٹ نے ریاست پنسلوانیا کے انتخابی نتائج پر ٹرمپ اتحادیوں کا اعتراض مسترد کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ نو منتخب صدر جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری 20 جنوری کو ہوگی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US