غیر ملکیوں کو سعودیوں کی کمپنیاں چلانے کی اجازت، 1426ھ میں لگائی گئی پابندی کے فیصلے کی دوسری شق معطل۔
عکاظ اخبار کے مطابق سعودی وزارت انصاف نے 1426 میں جاری شدہ وزارت انصاف کے فیصلے کی دوسری شق معطل کر دی، وزارتِ انصاف نے 1426 میں یہ پابندی لگائی تھی کہ غیر ملکی سعودیوں کی کمپنیاں چلانے کے مجاز نہیں، تاہم اب سعودی وزارت انصاف نے کہا ہے کہ ’غیرملکیوں کو سعودیوں کی کمپنیاں چلانے کی اجازت ہے‘۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت کی جانب سے جاری کردہ قرارداد کی دوسری شِق میں کہا گیا تھا کہ ’اگر کمپنی سعودی قومیت کی حامل ہوگی تو غیر ملکی اسے چلانے کا مجاز نہیں ہوگا، سعودی کمپنی کا مالک غیر ملکی کو کمپنی چلانے کے اختیارات نہیں دے سکتا‘۔
تاہم وزارت انصاف کی جانب سے اب اس قرارداد کی دوسری شق معطل کر دی گئی ہے۔
اس حوالے سے وزیر انصاف ڈاکٹر ولید الصمعانی کا کہنا ہے کہ ’وزارت انصاف کو وزیر تجارت کی جانب سے پیغام موصول ہوا ہے کہ غیر ملکیوں کو سعودیوں کی کمپنیوں میں ڈائریکٹر مقرر کیا جاسکتا ہے‘۔
واضح رہے کہ تمام حالات کو مدِنظر رکھ کر طے کیا گیا ہے کہ اس حوالے سے عائد قانونی پابندی ختم کر دی جائے اور غیر ملکیوں کو سعودی کمپنیاں چلانے کی اجازت فراہم کر کے اس پر عائد پابندی کو ختم کر دیا جائے۔