وزیراعظم کی جانب سے کراچی والوں کے لئے تحفہ، کراچی کے لئے 50 فائر ٹینڈرز اور 2 باوزر کے ایم سی کے حوالے کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے کے ایم سی کو کراچی کے لئے فائر ٹینڈرز اور باوزر کی حوالگی کی کراچی پورٹ ٹرسٹ میں تقریب منعقد کی گئی، تقریب سے خطاب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کراچی والوں کیلئے 50 اسٹیٹ آف آرٹ فائر ٹینڈرز اور دو باؤزرز نئے سال کا تحفہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ایک اور وعدہ پورا ہوا ہے، عمران اسماعیل نے بتایا کہ درآمد شدہ فائر ٹینڈرز اور باؤزرز ایک ارب چالیس کروڑ روپے کی لاگت سے خریدے گئے ہیں۔
اس موقع پر گورنر سندھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں کبھی فائر ٹینڈرز نہیں خریدے گئے تاہم پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت 9 صنعتی ایسوسی ایشنز کو دو دو فائر ٹینڈرز جبکہ سیلانی اور چھیپا کو بھی فائر ٹینڈرز فراہم کئے جائیں گے۔
گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ کے ایم سی کے 40 میں سے صرف 11 فائر انجن کام کررہے ہیں، وفاقی حکومت کی جانب سے دیئے گئے فائر ٹینڈر عالمی معیار کے ہیں، ان میں 18 ہزار لیٹر گنجائش کے دو جدید ترین واٹر باؤزرز بھی شامل ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ اس معیار کے فائر ٹینڈرز کراچی میں پہلے نہیں آئے۔
واضح رہے کہ واٹر باؤزرز میں جدید پمپس نصب ہیں جو آگ بھی بھجا سکیں گے جبکہ فائر انجنز کی دیکھ بھال کی ذمہ داری وفاقی حکومت کی ہے۔
تقریب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل سمیت وفاقی وزیر اسد عمر، علی زیدی اور دیگر اراکینِ صوبائی اسمبلی سندھ شریک تھے۔