ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنان آمنے سامنے، دونوں میں تصادم اور شدید نعرے بازی۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے رہنماؤں کی میڈیا ٹاک کے دوران پی ٹی آئی کارکنان نے شدید احتجاج کیا جس کی وجہ سے صورتحال کشیدہ ہوگئی۔
یہ واقعہ تب پیش آیا جب مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، احسن اقبال اور دیگر اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے کہ اس ہی دوران تحریک انصاف کے کارکنان کی بڑی تعداد ریڈ زون میں گُھس آئی۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کارکنان نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس میں وزیراعظم عمران خان کےحق میں اور (ن) لیگ کے رہنماؤں کے خلاف نعرے درج تھے۔
پی ٹی آئی کارکنان نے اس دوران شدید نعرے بازی کی جس کی وجہ سے لیگی رہنماؤں کو میڈیا سے گفتگو میں مشکلات کا سامنا ہوا۔
تاہم میڈیا سے گفتگو کے بعد بھی پی ٹی آئی کارکنان اور (ن) لیگ کے کارکنان آمنے سامنے آئے جبکہ لیگی کارکنان نے اپنے رہنماؤں کو حفاظتی حصار میں لے لیا۔
یہی نہیں بلکہ پی ٹی آئی کارکنان اور (ن) لیگ کے رہنماؤں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی اور اس دوران مریم اورنگزیب کو دھکے دیے گئے جس پر لیگی رہنما مصدق ملک اور شاہد خاقان عباسی بھی پی ٹی آئی کارکنان نے دست و گریباں ہو گئے جبکہ حفاظت پر معمور چند پولیس اہلکار خاموش تماشائی بنے رہے۔
اس موقع پر (ن) لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ یہ سب غنڈے عمران خان کے ہیں، ہم مسلم لیگ (ن) کے شیر ہیں ان سے ڈرنے والے نہیں۔