واٹس ایپ میں ایک دلچسپ فیچر کی آزمائش، اب بھیجی گئیں تصاویر خود کار طور پر غائب ہو جائی گی۔
تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ کی ہر نئی اپ ڈیٹ پر نظر رکھنے والی سائٹ ''ویبیٹا انفو'' کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے موڈ پر کام کیا جا رہا ہے جو تصاویر کو چیٹ ونڈو سے اس وقت غائب کر دے گا جب کوئی صارف اس چیٹ کو بند کرے گا۔
واٹس ایپ اس وقت اس فیچر کی تیاری کے مراحل سے گزر رہا ہے، اس فیچر کی آزمائش آئی او ایس اور اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن میں ہو رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس نئے فیچر کے تحت بھیجی جانے والی تصاویر گیلری میں ڈاؤن لوڈ نہیں ہو سکیں گی اور نہ ہی ان کو کسی اور ایپ میں کاپی کیا جا سکے گا، اس طرح صارفین کو حساس تصاویر کو تحفظ دینے میں مدد ملے گی۔
تاہم اس فیچر میں اسکرین شاٹ سے تحفظ فی الحال موجود نہیں اس لئے صارف کا اسکرین شاٹ لینا ممکن ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر انسٹاگرام ڈائریکٹ میں کچھ وقت بعد غائب ہونے والے پیغامات کے فیچر سے ملتا جلتا ہے۔
یہ فیچر اس وقت تیاری کے مرحلے سے گزر رہا ہے تاہم ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ کب تک صارفین کو دستیاب ہو سکے گا۔