کراچی کے گورنمنٹ اسپتال میں کروڑوں روپے کی ادویات ضائع ہونے کا انکشاف

image

کراچی میں واقع سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد میں کروڑوں کی دوائیں ضائع، زائد المیعاد ادویات ٹھکانے لگا دی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد میں کروڑوں روپے کی ادویات ضائع ہونے کا انکشاف ہوا ہے تاہم یہ مہنگی ادویات ٹھکانے بھی لگا دی گئیں ہیں جن میں اینٹی بائیوٹک ادویات، انجکشن، سیرپ اور دیگر میڈیکل سامان شامل ہیں۔

زرائع کے مطابق بے جا کمیشن کے حصول کے لئے شارٹ ایکسپائری ادویات خریدی گئیں جو استعمال سے قبل ہی زائد المیعاد ہو گئیں تاہم اس طرح نہ ہی مریضوں کو ادویات میسر نہ ہوسکیں اور سرکاری خزانے کو بھی کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔

نجی خبر رساں ادارے کے مطابق جب اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ایوب ببر نے اس بات کی تصدیق کی کہ زائدالمیعاد ادویات اسپتال سے نکالی گئی ہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ ادویات ان کے دور میں نہیں بلکہ سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے خریدی تھیں۔

تاہم محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کو آگاہ کرنے یا نہ کرنے کے سوال پر ڈاکٹر ایوب نے خاموشی اختیار کرتے ہوئے کوئی جواب نہ دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے کی ادویات ہفتے کے دن بوریوں میں بھر کر کباڑیوں کو فروخت کر دی گئیں ہیں۔

واضح رہے کہ اگر ادویات کی ایکسپائری نزدیک ہو تو اسپتال انتظامیہ ایسی ادویات کو کمپنیوں سے تبدیل کروا لیتی ہے لیکن اگر خریداری میں کمیشن لیا گیا ہو تو یہ پہلے ہی طے کر لیا جاتا ہے کہ ادویات زائدالمیعاد ہونے کی صورت میں تبدیل نہیں کروائی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کی جانب سے احتساب اور چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کی وجہ سے اسپتال میں اب بھی شارٹ ایکسپائری ادویات کی خریدنے کا سلسلہ جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US