پوری رات رب کو یاد کرنا ایسے ۔۔۔ آج کی رات یہ چند عبادات اس یقین کے ساتھ ضرور کریں کہ ﷲ آپ سے بھی راضی ہو جائے گا

image

شبِ برات جسے مغفرت کی رات کہا جاتا ہے، یہ ہر مسلمان کے لئے ایک انتہائی خاص اور فضیلت والی راتوں میں سے ایک ہے کیونکہ حدیث میں کہا گیا ہے کہ: ''اے مسلمانوں! شعبان کی پندرھویں رات کو عبادت کے لئے جاگتے رہو اور اس کامل یقین سے ذکر و فکر میں مشغول رہو کہ یہ ایک مبارک را ت ہے اور اس رات میں مغفرت چاہنے والوں کے گناہ بخش دئیے جاتے ہیں۔''

اس روز جب کہ ہر شخص محافلِ و مجالس میں مشغول ہوتا ہے، خُدا کے حضور سجدہ ریز ہوتا ہے، اور اپنے گناہوں کی معافی کے لئے، بخشش کے لئے کئی اعمال کرتا ہے وہیں اگر آپ یہ چند کام بھی کریں تو یقیناً خُدا آپ سے راضی ہو جائے گا اور گناہوں کی معافی قبول کرلی جائے گی۔

٭ صدقہ:

خُدا اور اس کے رسول ﷺ نے انسانوں کو یہ واضح الفاظ میں بتایا ہے کہ صدقہ دو، بے شک صدقہ ہر غم، مشکل، پریشانی کو ٹالتا ہے اور خُدا صدقہ دینے کو پسند کرتا ہے۔

نوافل:

عام دنوں میں بھی نوافل کی ادائیگی ہر شخص کرتا ہی ہے، مگر اس رات خُدا کے حضور چند نوافل نیک نیتی سے ادا کئے جائیں تو یقیناً خُدا کی جانب سے رحمت و مغفرت اور بخشش کی جا سکتی ہے۔

٭ لوگوں کو معاف کرنا:

آپ کے دل میں کسی کے لئے بُرائی ہے یا کسی نے آپ کا دل دُکھایا ہے، مناسب ہے کہ آپ خود ہی دوسروں سے معافی تلافی کرکے دل بڑا کرکے دوستی کا ہاتھ بڑھا دیں، اس عمل سے آپ بھی اطمینان میں رہیں گے اور خُدا کو راضی کرنے کے لئے اپنا مثبت کردار بھی ادا کر سکتے ہیں۔

٭ غریب و مسکین کی مدد:

مدد کرنے والا خُدا کی نظر میں پسند کیا جاتا ہے، اس لئے کسی غریب و مسکین یا ضرورتمند کی مدد کریں مگر اس اندازسے کریں کہ کسی دوسرے کو اس کا علم بھی نہ ہو اور دوسرے کی مدد پردے میں رہ کر کریں اس سے کسی کی دل آزاری بھی نہیں ہوگی اور آپ کو ثواب بھی ضرور ملے گا۔

سچ کہنا:

آپس میں چھوٹی بڑی باتوں میں جھوٹ بولنے سے گُریز کریں، سچائی کا دامن تھامیں، اس سے زندگی بھی پُرسکون گُزرے گی اور آپ کی مغفرت کا سامان بھی ہو جائے گا۔

بداخلاقی:

کسی سے بدتمیزی اور بداخلاقی سے پیش نہ آئیں، کسی کے دل کو نہ دکھائیں، خُدا کو ایسے لوگ ہر گز نہیں پسند جو دوسروں کو نقصان پہنچائیں۔ ایک دوسرے کی حق تلفی نہ کریں، مزاق میں بھی کسی کو ایسے کلمات سے نہ نوازیں جو کسی ناگوار گُزرے۔

صرف دکھاوے کی عبادت نہ کریں، بلکہ سچے دل سے اللہ کے سامنے اپنے گناہوں کی معافی مانگیں، صرف خُدا کے لئے عبادت کریں، اسی سے مانگیں، اپنے لئے قبر کے عذاب سے معافی مانگیں، اور اس بات پر پختہ یقین رکھیں کہ ببے شک خُدا کی ذات معاف کرنے والی اور معافی مانگنے والوں کو پسند کرنے والی ہے۔ خُدا اپنے بندوں کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑتا، بس اس کی وحدانیت و کامل ذات پر اپنا مکمل یقین رکھیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US