بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے دانہ سر میں ایک مسافر بس گہری کھائی میں گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 40 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ بس کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے میڈیا امور شاہد رند نے بتایا کہ حادثہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی سرحدی حدود میں پیش آیا، جہاں بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی ریسکیو ٹیمیں مشترکہ طور پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ پی ڈی ایم اے، محکمہ صحت، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور دیگر ادارے بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
شاہد رند کے مطابق ابتدائی اطلاعات ہیں کہ بس میں معمول سے زیادہ مسافر سوار تھے جبکہ ایک خراب ہونے والی دوسری بس کے مسافر بھی اسی گاڑی میں سوار کیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جاں بحق افراد کی شناخت، زخمیوں کے علاج اور حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ حکومت بلوچستان متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتی ہے۔
اس حوالے سے عینی شاہد نے انکشاف کیا ہے کہ ڈرائیور نے جان بوجھ کر بس کھائی میں گرائی تھی۔ نجی چینل سے بات کرتے ہوئے زخمی مسافر نے بتایا کہ ڈرائیور کا سواری سے جھگڑا ہوا تھا اور پھر ڈرائیور نے جان بوجھ کر بس کھائی میں گرائی۔ عینی شاہد کے مطابق ڈرائیور نے سواری سے کہا آپ کی وجہ سے ہمارا ڈیزل ضائع ہوا جس پر دونوں میں تلخ کلامی ہوئی تھی۔