میرے بچوں کو پاکستان منتقل کیوں کیا؟ وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک کی درخواست پر وزارتِ خارجہ کا ردِعمل سامنے آ گیا

image

وینا ملک اور اسد خٹک کے بیچ جاری عدالتی جنگ نہ رُک سکی، اسد خٹک کی بچوں کی دبئی سے پاکستان متنقلی کے خلاف درخواست کو حقائق کے منافی قرار دے دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں اداکارہ وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک کی بچوں کی پاکستان منتقلی کےخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، درخواست میں اسد خٹک نے مؤقف اختیار کیا کہ ''دبئی کی عدالت کے حکم کے باوجود وینا ملک نے بچوں کو پاکستان منتقل کیا، انہوں نے الزام لگایا کہ وینا نے وزارت خارجہ کےحکام کی ملی بھگت سے بچوں کو پاکستان منتقل کیا، میرے بچے امریکی شہریت بھی رکھتے ہیں''۔

عدالت میں وزارت خارجہ نے اپنا جواب جمع کروایا، وزارت خارجہ نے دورانِ سماعت اسد خٹک کی درخواست کو حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے اِسے خارج کرنے کی استدعا کر دی ہے۔

وزارتِ خارجہ کی جانب سے جمع کردہ جواب میں کہا گیا ہے کہ اسد خٹک نے حقائق چھپائے ہیں اور متنازع مواد کے ساتھ عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔

وزارتِ خارجہ نے جواب میں واضح کیا کہ وینا ملک نے نادرا کی نائیکوپ کی کاپی دبئی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو فراہم کی تھی اور راولپنڈی کی عدالت کی جانب سے جاری کردہ بچوں کی گارڈین شپ کا سرٹیفکیٹ بھی فراہم کیا تھا۔

وزارتِ خارجہ نے اپنے جواب میں یہ بھی کہا کہ بچوں کو پاسپورٹ پاکستانی قوانین کے مطابق جاری کیا گیا ہے اور پاکستانی ہائی کمیشن نے بھی پاسپورٹ جمع کرانے پر ایمرجنسی سفری دستاویزات جاری کیں ہیں۔

یاد رہے کہ عدالت نے کیس کی سماعت 20 اپریل تک ملتوی کر دی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US