کیا داؤد کے بازو لگانا ممکن ہوگا، ثنا اور داؤد کی زندگی میں کیا کوئی بدلاؤ لا پائے گا؟

image

گذشتہ کئی روز سے خبروں کی زینت بننے والی داؤد اور ثناء کی باہمت جوڑی نے بڑے سے بڑے لوگوں، فنکاروں، سیاستدانوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی ہے۔ ان سے متعلق کوئی بھی خبر ہو وہ سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر چھائی ہوئی ہے۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے داؤد اور ان کی اہلیہ ثناء نے محبت کی عزیم مثال قائم کرتے ہوئے لوگوں کے دلوں میں اس احساس کو اجاگر کیا ہے کہ محبت نبھانے والے لوگ ہر طرح سے نبھا جاتے ہیں اور آگے جتنی بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے وہ ہمت و حوصلے کے ساتھ آگے بڑھتے چلے جاتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر لوگوں کی بڑی تعداد مذکورہ جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر رہی ہے یہاں تک حکومت وقت کی جانب سے بھی ہاتھوں اور ایک ٹانگ سے محروم داؤد کے لیے نیک اقدام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں ان کے مصنوعی بازو لگانے کے امکانات روشن ہیں۔

ایک انٹرویو کے دوران داؤد کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کی اہلیہ دونوں ان کے لیے ایک ایسی زندگی چاہتے ہیں جس میں وہ نہ صرف روزمرہ کے کام خود کر سکیں بلکہ اپنے خاندان کے لیے روزگار بھی کما کر لا سکیں۔

اس کے حصول کے لیے جوڑے کی امیدیں اس یقین کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں کہ داؤد کو ایسے مصنوعی بازو لگائے جانے ممکن ہیں جن کو حرکت دے کر وہ کچھ کرنے کے قابل ہوسکے۔

انٹرویو کے دوران داؤد کی زوجہ ثناء کا کہنا تھا کہ داؤد کے بازو لگ جائیں اور یہ میرے آس پاس رہیں، بس مجھے اور کچھ نہیں چاہیے۔ تاہم اس بات کے کتنے امکانات موجود ہیں کہ داؤد کو ایسے بازو ملیں جن کی مدد سے وہ اپنی زندگی معمول کے مطابق گزار پائیں؟

بائیونک بازو کیا ہیں، کیسے کام کرتے ہیں؟

بائیونکس کراچی کے بانی انس نیاز کے مطابق بائیونک بازو انسان کے دماغ کے ساتھ مطابقت میں کام کرتے ہیں اور دماغ کی جانب سے دیے جانے والے پیغامات کے مطابق حرکت کر سکیں۔

ان کا کہنا ہے کہ جسم پر بازوؤں کے جس حصے تک دماغی سگنل موصول ہو رہے ہوتے ہیں اس مقام پر مصنوعی سینسر لگائے جاتے ہیں۔ یہ سینسر پیغام موصول کر کے ایک خاص قسم کے آلے تک پہنچاتے ہیں۔

مصنوعی بازو میں نصب اس آلے کی مدد سے ایک مخصوص پروگرام کے ذریعے یہ پیغامات ان موٹروں تک پہنچتے ہیں جو بازو سے جڑے ہاتھ اور ان کی انگلیوں وغیرہ کو حرکت دیتی ہیں۔ یوں دماغ سے موصول ہونے والے پیغامات کے ردِ عمل میں بازو مطلوبہ حرکت کرتا ہے۔

بائیونکس کے بانی انس نیاز نے مزید کہا کہ داؤد کے لیے پاکستان میں ہی بائیونک بازو تیار کیے جا سکتے ہیں۔ انھوں نے بی بی سی کو انٹرویو میں بتایا کہ ان کا ادارہ گذشتہ کئی برس سے کہنی کا جوڑ بنانے یا پورا بائیونک بازو بنانے پر تحقیق کر رہا ہےجس میں انہیں کامیابی حاصل ہوگی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US