مسجد الحرام اور مسجدِ نبوی سے زم زم کولرز ہٹانے کا فیصلہ، زائرین کو زمزم بوتلوں میں مہیا کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ کی جانب سے زم زم کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کر دیا گیا ہے، جاری کردہ فیصلے کے مطابق رمضان المبارک کے دوران مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں زم زم گلاسوں کے ذریعے پینے کی اجازت نہیں ہو گی۔
کورونا کی صورتحال پر قابو رکھنے کے لئے حرمین شریفین سے تمام تر زم زم کولرز کو ہٹا دیا جائے گا اور اس کے متبادل بوتلوں میں زم زم زائرین کو فراہم کیا جائے گا تاکہ کورونا کے کوئی بھی خدشات باقی نہ رہیں۔
خیال رہے کہ افطار کے دوران بھی زائرین کو پانی کی ضرورت پیش آنے پر زم زم کی بوتلیں ہی مہیا کی جائیں گی جیسا کہ گزشتہ برس کی گئی تھیں انتظامیہ نے بتایا کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں روزانہ دو لاکھ سے زیادہ زمزم کی بوتلیں تقسیم کی جاتی ہیں۔
یاد رہے کہ دنیا بھر میں کورونا کی صورتحال دن بہ دن تیزی سے بگڑ رہی ہے جس کے پیشِ نظر ماہِ رمضان المبارک کے لئے حرمین شریفین میں ہر ممکن ضروری اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔