بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں کی کمی کی بنیاد پر پاکستان میں بھی قیمتوں کی کمی کا امکان، اوگرا نے سفارشات وزیراعظم کو بھیج دیں۔
تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے جس کی بنیاد پر اوگرا نے پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سفارشات وزیراعظم عمران خان کو بھیجوا دی ہے۔
امکان ہے کہ عمران خان کی منظوری کے بعد قیمتوں میں 5 روپے 50 پیسے تک کی کمی آ سکتی ہے تاہم زرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ تیل کی قیمتوں میں کمی کی مخالفت کرے گی اور اسے تبدیل نہ کر کے پیٹرولیم لیوی کے ذریعے کچھ اضافی ریونیو حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔
یاد رہے کہ ٹیکس کی موجودہ شرح کی بنیاد پر اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 40 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 5 روپے 50 پیسے کم ہونے کا تخمینہ لگایا ہے تاہم حتمیٰ فیصلہ عمران خان کی منظوری کے بعد سامنے آئے گا۔
واضح رہے کہ ہر 15 دن بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تبدیل ہوتی ہیں مگر گزشتہ 3 ماہ سے ان میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے جبکہ حکومت نے ہر 15 روز کے وقفے سے مسلسل 5 مرتبہ پیٹرولیم لیوی میں اضافے کے بعد 3 دفعہ موجودہ قیمتوں کو برقرار رکھا۔