روزانہ پانچ گھنٹے چارج کیا جائے گا اور۔۔۔ کراچی میں چلنے والی نئی الیکٹرک بس سروس کے بارے میں اہم باتیں جانیں

image

کراچی والوں کی ایک مشکل ہوئی کچھ آسان، اب بسوں میں دھکّے نہیں ملیں گے، مگر اس نئی الیکٹرک بس سروس میں اور کیا کیا ہوگا، یہ ہم آپ کو بتاتے ہیں۔

آج الیکٹرک بس کا پہلا روز تھا لوگوں کی تعداد کم مگر خوش بہت نظر آئی اور حکومتِ سندھ کے اس اقدام کو خوب سراہا، اس الیکٹرک پاور بس کا کم سے کم کرایہ دس روپے جبکہ چار روپے فی کلو میٹر ہوگا۔

الیکٹرک بس کی خصوصیات:

یہ بس چار نہیں بلکہ چھ ٹائروں والی بس ہے، بس میں کل 35 سیٹس ہیں جبکہ مزید 37 افراد کھڑے ہو کر بھی با آسانی سفر کر سکتے ہیں۔

سب سے اہم بات تو یہ ہے کہ بس میں پان، چھالیہ، نسوار اور سگریٹ وغیرہ سختی سے منع ہے، مسافروں کی خدمت کے لئے بس میں بیک وقت چار ملازمین موجود ہوں گے، جو پان گٹگا کھانے والوں کو اس سے منع بھی کریں گے۔

یہی نہیں مسافروں کی نگرانی کے لئے بس میں سی سی ٹی وی کیمرہ اور ٹریکنگ سسٹم بھی موجود ہوگا، سبز رنگ کی اس بس کے آٹو میٹک دروازے اور الیکٹرونک ٹکٹنگ مسافروں کیلئے حیرانی کا سبب ہے، بس میں خواتین اور مردوں کے لئے الگ الگ آٹومیٹک دروازے موجود ہیں۔

کورونا ایس او پیز پر بھی سختی سے عمل کروایا جا رہا ہے اور ماسک کے بِنا بس میں داخل ہونا بھی منع ہے۔

ایک مرتبہ 5 گھنٹے کی چارجنگ کے بعد یہ بس 250 کلومیٹر کا سفر طے کرسکتی ہے، بس ایئر کنڈیشنڈ ہونے کے ساتھ اس کا کرایہ بھی بہت مناسب ہے۔

آج الیکٹرک بس نے اپنا پہلا سفر طے کیا اور صبح سات بجے سہراب گوٹھ بس ٹرمینل سے روانہ ہو کر تقریبا ایک گھنٹے میں ٹاور پہنچی، یاد رہے کہ بس کے چلنے کے لئے وقت کی پابندی کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔

بس کے آنے جانے کے کل دس اسٹاپ ہیں اور رات آٹھ بجے آخری بس روانہ ہوگی تاہم سال کے آخر تک الیکٹرک بسوں کی تعداد بڑھا کر سو کر دی جائے گی۔

یاد رہے کہ کراچی بس ٹرمینل سے روانہ ہونے والی یہ الیکٹرک بس سہراب گوٹھ، واٹر پمپ، عائشہ منزل، کریم آباد، لیاقت آباد، تین ہٹی گرو مندر اور تاج کمپلیکس سے ہوتی ہوئی ٹاور پہنچے گی۔

جس کے بعد ٹاور سے روانہ ہونے والی بس لائٹ ہاؤس، تاج کمپلیکس، گرومندر، تین ہٹی، کریم آباد، واٹر پمپ چورنگی، سہراب گوٹھ کے بس اسٹاپ پر رُکتی ہوئی کراچی بس ٹرمینل واپس پہنچے گی۔

واضح رہے کہ اس سروس کا افتتاح پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کیا گیا ہے جبکہ وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ نے یہ پراجیکٹ عوام کو پیش کیا ہے اور گزشتہ روز انہوں نے اس بس کا افتتاح کیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US