رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور ملک میں موسمِ گرما زور پکڑتا جا رہا ہے، ایسے میں گرمی کی شدت کے سبب ڈیہائیڈریشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جسے روزہ افطار کے بعد پانی کی مطلوبہ یا زیادہ مقدار استعمال کر کے بچایا جا سکتا ہے۔
افطار کے دوران یا بعد میں اگر گھر میں ہی تیار کیے جانے والے صحت مند اور تازہ مشروبات کا استعمال کر لیا جائے تو پانی کی کمی دور ہونے کے ساتھ صحت پر بھی متعدد فوائد مرتب ہوتے ہیں اور افطار کے دوران تلی ہوئی مضر صحت غذاؤں کے استعمال کے اثرات بھی کم ہو جاتے ہیں۔
کچھ مشروبات پینے کے فوائد
1) گل قند کا استعمال
لال گلاب کے پھولوں سے تیار مٹھائی گل قند ناصرف گرمی کی شدت کم کرتی ہے بلکہ فرحت بخش احساس بھی جگاتی ہے، روزہ افطار کرنے کے بعد اگر میٹھے کے طور پر گل قند کا استعمال کر لیا جائے یا پھر اسے پانی یا دودھ میں شامل کر کے پی لیا جائے تو غذا جَلد ہضم ہو جاتی ہے اور بھاری پن بھی محسوس نہیں ہوتا ہے۔
2) ناریل کا پانی
کوشش کریں رمضان میں افطاری کے بعد ناریل کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں، اس کا پانی آپ خود بھی نکال سکتے ہیں۔ ناریل کا پانی بد ہضمی اور تیزابیت کا بہترین علاج ہے اور اس کے استعمال سے انسان خود کو ہلکا اور توانا محسوس کرتا ہے، ناریل کے پانی میں تخم بالنگا ملا کر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، ناریل کا پانی پیٹ پھولنے کی شکایت سے بھی بچاتا ہے۔
3) کھیرے کی اسموتھی یا ڈیٹاکس واٹر
روزہ افطار کے بعد اگر غذا کے ساتھ کھیرے سے بنا ڈیٹاکس واٹر یا اسموتھی کا استعمال کر لیا جائے تو نظام ہاضمہ سمیت قوت مدافعت بھی بہتر کام کرنے لگتا ہے اور انسانی جسم سے مضر صحت مادوں کا صفایا ہو جاتا ہے۔ کھیرے کا ڈیٹاکس واٹر بنانے کے لیے آپ کو ایک عدد کھیرا اور ایک عدد لیموں لینا ہو گا پھر کھیرے کے گول سلائس جیسا کہ سلاد کے لیے کاٹتی ہیں ویسے کاٹ لیں۔ 7 سے 8 پودینہ کے پتے اور ایک دارچینی کا ٹکڑا لے لیں۔ ایک جگ میں یہ ساری چیزیں ڈالیں اور پھر اس کے بعد جگ کو پانی سے بھر دیں اور چمچ کی مدد سے اس کو مکس کرلیں۔ افطاری کے بعد اسے زیادہ سے زیادہ پئیں۔
4) لیموں پانی
لیموں جتنا عام ہے اتنے ہی اس کے فائدے ہیں، لیموں صحت، قوت مدافعت بہتر بنانے اور وٹامن سی کی بھر پور مقدار حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ اس کے استعمال سے وزن میں کمی آتی ہے، طبیعت کا بھاری پن دور ہوتا ہے اور غذا جَلد ہضم ہوتی ہے۔ اس کے لیے آپ نیم گرم پانی لیں اور اس میں پورا ایک لیموں نچوڑ لیں، لیجیے فائدہ مند مشروب تیار۔
5) گنے کا رس
گنے کا جوس فوراً توانائی بحال کر کے تروتازہ اور فرحت بخش محسوس کرواتا ہے، تھکاوٹ دور کرتا ہے اور گردوں کی صحت کے نہایت مفید قرار دیا جاتا ہے۔ یہ بازار سے آسانی سے مل جاتا ہے۔ اس کا استعمال رمضان میں لازمی کریں۔