ملک بھر میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اگر عوام نے احتیاط کا دامن چھوڑا تو حالات پہلے سے زیادہ بگڑ سکتے ہیں۔
اسی حوالے سے سندھ حکومت کی جانب سے عوام پر کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کے لیے بھرپور ایکشن کی تیاریاں کر لی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے چیف سیکریٹری ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وبا کی تازہ صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا جس میں محکمہ صحت نے پرائمری تک اسکول بند کرنے کی تجاویز دیں۔
چیف سیکریٹری سندھ کو بتایا گیا کہ سندھ بھر میں 3.35 ملین افراد کی ویکسینیشن ہوچکی ہے، 647 ویکسینیشن سینٹر، 347 موبائل ٹیموں کے ذریعے ویکسین لگائی جارہی ہے۔
چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر شادی ہال، مویشی منڈی سیل ہوں گے، مارکیٹ، ریسٹورنٹ کو بھی خلاف ورزی پر سیل کیا جائے گا۔
ممتاز علی شاہ نے کمشنر کراچی کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ہاٹ اسپاٹ والے مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تمام کمشنر، ڈپٹی کمشنرز ویکسی نیشن ٹارگٹ کو مکمل کریں، کراچی میں کورونا پھیلاؤ روکنے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں اور ویکسینیشن کے لیے موبائل ٹیمیں بڑھائی جائیں۔