قربانی کے بھینسے پر گولی چلانے والے افراد گرفتار

image

گزشتہ روز عید قرباں کے موقع پر ایک افسوسناک واقعے کی ویڈیو منظرعام پر آئی جس میں دیکھا گیا کہ قربانی کے لیے لایا بھینسا بے قابو ہوگیا اور اس کو قابو میں لانے کے لیے چند افراد نے بھینسے پر فائرنگ کردی اور اس کے بعد اسے ذبح کیا گیا۔

یہ واقعہ کراچی میں پیش آیا جہاں اس طرح غیر قانونی طریقے کے تحت ملزمان کے خلاف اینیمل ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا، فائرنگ کرنے والے کئی افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ مقدمی سچل تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا۔

مقدمے کے متن میں بتایا گیا کہ جانور کے مالک نے غیرتجربہ کار قصائی بلوائے تھے جو بھینسے کو قابو کرنے میں مکمل طور پر نا کام ہوگئے تھے اور جانور بالکل بے قابو ہوگیا تھا۔

مقدمے میں کہا گیا کہ جب بھینسا کنٹرول میں نہ آیا تو مالک نے مسلح ساتھیوں سے مدد طلب کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والے بیشتر مسلح افراد کو شناخت کے بعد گرفتار کرلیا گیا، بیشتر مسلح افراد کے پاس اسلحے کے لائسنس تھے۔ متن میں مزید بتایا گیا کہ ٹانگ پر گولی لگنے سے بھینسا زخمی ہو گیا۔

متن میں بتایا گیا کہ بھینسے پر کلاشنکوف، رپیٹر اور ٹی ٹی کے ذریعے وار کیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقدمے میں اینیمل ایکٹ سمیت دیگر دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ مذکورہ واقعہ گزشتہ روز عید کے دن سپر ہائی وے سے متصل ہاؤسنگ سوسائٹی میں پیش آیا جب قربانی کا جانور بے قابو ہو کر دوڑ پڑا، بپھرے بھینسے کو قابو کرنے کی ناکام کوششوں کے بعد ‏اسے گولیاں ماری گئیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عید کے پہلے دن ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد علاقے کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 سے 4 افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US