کراچی کے سی ویو پر گزشتہ کئی دنوں سے پھنسے جہاز کو تاحال نکالا نہیں جاسکا ہے۔ اس صورتحال میں یہ جہاز عوام کے لیے تفریح کا ایک ذریعہ بن گیا ہے، وہیں حکومت کے لیے بھی درد سر بن چکا ہے۔
ہینگ ٹانگ نامی یہ جہاز پانامہ کا ہے جبکہ یہ جہاز ڈیک کارگو شپ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ سی ویو پر پھنسے اس جہاز کے حوالے سے اب ایک منفرد خبر سامنے آئی ہے اور وہ خبر یہ ہے کہ اس دیوہیکل جہاز کو تحویل میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق یہ جہاز سمندری آب و ہوا، ماحول اور عوام کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، جبکہ جہاز کو مرچنٹ آرڈیننس ریگولیشن 2001 کے تحت تحویل میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر میری ٹائم افئیرز علی زیدی کے مطابق جہاز سمندری ماحول کو خطرناک بنا رہا ہے، جبکہ جہاز کے کیپٹن کو بھی بذریعہ خط جہاز کے خراب نیویگیشن اور مشینری سسٹم سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔
جہاز کو تحویل میں لینے کے بعد عین ممکن ہے جہاز کو عوام کی تفریح کے لیے یا پھر اینجوائمنٹ کا ایک ذریعہ بنا دیا جائے، جبکہ سوشل میڈیا پر میمز کے ذریعے جہاز میں ریستوران کھولنے کی باتیں بھی کی جا رہی ہیں، مگر اس وقت کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا، کیونکہ حکومتی حلقوں میں فالحال جہاز میں ریستوران کھولنے یا کسی بھی طرح کے تفریحی طور پر جہاز کو فعال کرنے سے متعلق کوئی موضوع زیر بحث نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پر جہاز کو فوٹو شاپ کے ذریعے پاکستانی طریقے سے سجایا جا رہا تھا اور میمز کا ذریعہ بن رہا تھا، تاہم اب تحویل میں لینے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کو ایک اور میم کا مواد مل گیا ہے۔