افغانستان میں افراہ تفری کی صورتحال کے بعد افغان شہریوں سمیت غیر ملکی بھی انخلاء کر رہے ہیں، ایسے میں کئی افراد کو مشکلات پیش آرہی ہیں، کوئی سفری سہولیات نہ ہونے کا شکوہ کر رہا ہے تو کوئی پاسپورٹ اور ویزہ کے عمل میں رکاوٹوں کی وجہ سے پریشان ہے۔
آج ایسی ہی ایک پاکستانی خاندان کی کہانی لے کر آئے ہیں، جس میں آپ کو بتائیں گے کہ کس طرح پاکستانی شہری افغانستان میں پھنس گئے ہیں۔
پاکستان سے تعلق رکھنے والی خاتون کی ویڈیو گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں پاکستانی اداروں بشمول وزیراعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کر رہی ہیں۔ خاتون کا کہنا ہے کہ ہم گزشتہ کئی دنوں سے محصور ہیں، اور کوئی ہم سے رابطہ نہیں کر رہا ہے۔
پاکستانی سفارت خانے سے متعلق خاتون کا کہنا ہے کہ ہم نے کئی مرتبہ سفارت خانے رابطہ کیا، مگر کوئی جواب نہیں آیا، ہماری جان خطرے میں ہے ہم شدید مالی مسائل اور بحران کا شکار ہیں۔
کابل میں پھنسنے والوں میں صرف یہ خاتون ہی نہیں بلکہ کئی افراد شامل ہیں۔
جبکہ کابل میں پھنسے ایک خاندان کی خاتون کا بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں کہنا تھا کہ میرے خاوند کا پاکستانی ویزہ لگ چکا ہے، مگر بیٹے کے سفری دستاویزات نہ ہونے کی وجہ سے بیٹے کو روکا ہوا ہے۔ بیٹے کے بغیر میں مر جاؤں گی، اسے تنہا کابل میں نہیں چھوڑ سکتی۔
جبکہ خاتون کا مزید کہنا تھا کہ میں ایسی کئی خواتین کو جانتی ہوں کن کی افغانستان میں شادیاں ہوئی ہیں، لیکن ان خواتین کے بچوں کے سفری دستاویزات نہ ہونے کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔