شادی کے دن خوبصورت اور حسین جوڑا پہننا ہر لڑکی کا خواب ہوتا ہے، جس جوڑے کو پہلے کسی نے نہ دیکھا ہو، سب میں خاص اور منفرد دکھنا ہوتا ہے، شادی کے دن لڑکیوں کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ کوئی ایسا لباس زیب تن کریں جو انہوں نے بھی پہلے کبھی نہ پہنا ہو او نہ سوچا ہو۔ وہیں کچھ ایسی بھی لڑکیاں ہیں جو اپنی شادی کے دن کسی کا پہنا ہوا پُرانا جوڑا بھی پہن لیتی ہیں۔
آج ہماری ویب میں ہم آپ کو بتانے جا رہے ہیں کہ وہ کون سی منفرد دلہنیں ہیں جنہوں نے شادی کے دن نیا نہیں بلکہ پُرانا جوڑا پہنا تھا مگر کسی کو پتہ ہی نہیں چلا کہ وہ پُرانا لباس پہنا ہوا ہے۔
٭ زُہرے عامر:
اداکارہ زہرے گذشتہ برس شادی کے بندھن میں بندھ گئیں تھیں اور ان کی شادی ان کے قریبی دوست سے ہوئی جوکہ امریکہ میں مقیم تھا اور 7 سال تک دونوں کی فیس بک کے ذریعے بات چیت تھی۔ زہرے پہلے اٹلی میں ہوا کرتی تھیں اور پھر جب یہ پاکستان واپس آئیں تو ان کے لئے عامر بھی امریکہ سے چھٹیاں لے کر فوری پاکستان آئے اور آتے ہی انہوں نے زہرے کی والدہ سے رشتے کی بات کرلی اور یوں ان کی منگنی اور پھر جلد ہی شادی ہوگئی۔
٭ زہرے کے شوہر پہلے مستقل امریکہ میں مقیم تھے، مگر پھر انہوں نے شادی کے لئے پاکستان کا رخ کیا اور اب یہیں پاکستان میں رہائش پزیر ہیں، یہیں پر اپنا بزنس سیٹ کر لیا ہے۔
٭ نجی ٹی وی پروگرام میں زہرے اپنی شادی کے متعلق بتاتے ہوئے کہتی ہیں کہ: '' جس دن میری مایوں تھی اس دن بھی میں ڈرامہ سیریل اڑان کے سیٹ پر شوٹنگ میں مصروف تھی اور میں روزانہ شوٹنگ پر آتی تھی اور کام بھی کرتی تھی، پھر گھر جا کر اپنی ہی شادی کی تقریبات مہمانوں کی طرح انجوائے کی ہیں۔ میری شاید کی سب سے منفرد بات جو مجھے لگتی وہ یہ ہے کہ میں شروع سے ہی شادی کے مہنگے سے جوڑے خریدنے کے خلاف تھی کیونکہ اب تو 8 یا 10 لاکھ میں ہی اچھے جوڑے ملتے ہیں۔ میں جس وقت اڑان کے سیٹ پر تھی، وہیں ایک ڈیزائنر کا جوڑا آیا جس کو دیکھ کر مجھے لگا کہ یہ میرے لئے ہے اور میں ہی اس کے لئے بنی ہوں، چونکہ مجھے شروع سے سفید رنگ کے دلہن کے جوڑے پسند تھے، میں نے اپنی شادی پر وہی جوڑا پہنا جو میں نے اڑان کے سیٹ پر دلہن بنتے ہوئے پہنا تھا، میں نے جب اس جوڑے کی ڈیزائنر سے اس کی قیمت معلوم کی تو انہوں نے بتایا کہ یہ 5 لاکھ کا ہے تو یہ جان کر مجھے بہت حیرانی بھی ہوئی مگر سوچ لیا کہ یہی جوڑا میں اپنے خاص دن پر پہنوں گی۔ ڈیزائنر مجھے یہ جوڑا بیچنے کے لئے تیار تھیں، لیکن میں نے ان سے کہا کہ میں خریدنا نہیں چاہتی ہوں، مجھے کرائے پر دے دیں، میں آپ کا کرایہ دے دوں گی اور شادی کے اگلے دن واپس کردوں گی۔ وعدے کے مطابق میں نے اپنی شادی کے بعد اگلی صبح ان کا جوڑا واپس کردیا۔ اسی طرح میں نے اپنی شادی پر جو بھی جیلوری پہنی وہ سب کرائے کی تھی، کیونکہ میں فالتو خرچہ بالکل بھی پسند نہیں کرتی ہوں۔''

٭ نیمل خاور:
نیمل خاور نے اپنی شادی پر وہی جوڑا پہنا جو ان کی امی کی شادی کا تھا انہوں نے اس جوڑے میں کچھ تبدیلیاں کروائيں لیکن پہنا والدہ کا جوڑا ہی۔
٭ ڈاکٹر دُلہن:
ڈاکٹر دلہن سمکشہ جوکہ ایک بھارتی دلہن ہیں انہوں نے اپنی شادی پر وہی پیلا جوڑا پہنا جو انہوں نے اپنی منگنی پر پہنا تھا یہ جوڑا ان کی پسند کا تھا اس میں شیشے کا بہترین کام کیا گیا ہے جس کی قیمت 1 لاکھ 75 ہزار روپے تھی تو سمکشہ نے اپنی شادی پر بھی یہی لباس پہن لیا تھا۔
٭ دادی کا جوڑا:
بھارتی دلہن آستھا کا تعلق پٹنہ سے ہے انہوں نے اپنی شادی پر اپنی دادی کا جوڑا پہنا تھا جس کے بڑے بلاؤز کی کٹنگ کروا کے انہوں نے فیشن کے حساب سے سلوا لیا تھا۔