ویسے تو سعودی عرب میں مردوں کو اچھی تنخواہ دی جاتی ہے لیکن ایسے کئی پاکستانی ہیں جو وہاں رہ کر اپنے خرچے اٹھانے کے علاوہ پاکستان میں اپنے خاندان کا خرچہ بھی اٹھاتے ہیں۔ پھر ان کے گھر کی عورتیں سوچتی ہیں کہ ایسا کیا کیا جائے کہ وہ بھی مالی مسائل حل کرنے میں اپنا حصہ ڈال سکیں کیونکہ سعودیہ میں خواتین کا باہر نکل کر کام کرنا اچھا نہیں سمجھا جاتا۔ اس آرٹیکل میں چند ایسے کاروبار بتائے جائیں گے جو خواتین آسانی سے کرسکتی ہیں۔
ہنر ضائع نہ کریں کھانا پکا کر بیچیں
اگر آپ کوئی بھی ایک ڈش بہت اچھی بنانا جانتی ہیں تو اسے اپنے آس پڑوس میں پہلے تحفتاً بھیجیں پھر اگر لوگ اسے پسند کررہے ہیں تو آپ باقاعدہ اسے قیمت کے ساتھ متعارف کروائیں۔ اگر آپ کو کھانا پکانے پر مکمل عبور ہے تو آپ اپنے ارد گرد ہونے والی دعوتوں کے لیے آرڈر پر کام کرسکتی ہیں۔ سوشل میڈیا پر بزنس اکاؤنٹ بنا کر قیمتیں لوگوں تک پہنچائی جاسکتی ہیں
بچے سنبھالنا
بچے سنبھالنے والی خواتین سعودیہ میں بہت زیادہ رقم لیتی ہیں جنھیں ہر کوئی افورڈ نہیں کرسکتا۔ اگر آپ کے آس پاس کوئی ایسا جوڑا یا خاندان رہتا ہے جو مصورفیت کی وجہ سے بچے کو نہیں سنبھال پاتے تو آپ اپنی خدمات پیش کرسکتی ہیں۔ یہ کام ایک بچے سے شروع کرکے بعد میں زیادہ بچوں کے لئے ڈے کئیر سینٹر بھی بنایا جاسکتا ہے۔
چیزیں بیچیں
گھر میں رہنے والی یا مصروف خواتین کے پاس اتنا وقت نہیں ہوتا کہ وہ اپنی اسکن کئیر یا بیوٹی پراڈکٹس کی چیزیں بازار جاکر خریدیں۔ ایسے میں آپ کے پاس موقع ہے اپنے کاروبار کو وسعت دینے کا۔ آپ معیاری اور لوگوں کی جلد کے حساب سے میک اپ اور اسکن کئیر پراڈکٹ خریدیں اور خواتین کو اس حوالے سے گائیڈ کریں۔ ایک بار آپ ان کا بھروسہ جیتنے میں کامیاب ہوگئیں تو بہت جلد آپ کا کاروبار چمک اٹھے گا۔
بیوٹیشن
اگر آپ کو جلد کی اقسام کے بارے میں معلوم ہے تو تھوڑی سی ریسرچ سے آپ بیوٹیشن کا کام کرسکتی ہیں۔ ویکس، تھریڈنگ، مساج اور فیشل وغیرہ تو ایسی سروسز ہیں جن کی ضرورت ہر خاتون کو ہوتی ہے لیکن پارلر جانے میں سستی ہونے کی وجہ سے وہ یہ سروسز نہیں لیتیں۔ یہ آپ کے لئے اپنی خدمات متعارف کروانے کا سنہری موقع ہوسکتا ہے۔
فوٹوگرافی
سعودیہ میں مردوں کا خواتین کے لئے فوٹوگرافی کرنا تقریباً ناممکن ہے۔ اس لئے اگر آپکو اچھی تصاویر کھینچنی آتی ہیں یا ایڈٹنگ کرنی آتی ہے تو آپ کافی رقم کما سکتی ہیں۔ خواتین کے مخصوص فنکشنز اور پارٹیز میں جاکر آپ ایک منظم کاروبار کی ابتدا کرسکتی ہیں۔