بندروں کی شرارتوں کی وائرل ویڈیو کے بارے میں تو ہم اکثر آپ لوگوں کو بتاتے رہتے ہیں۔ جن میں کبھی بندر موبائل کا استعمال کررہا ہوتا ہے یا پھر انسانوں کی طرح کپڑے دھو رہا ہوتا ہے۔ لیکن آج ہم آپ کو جس ویڈیو کے بارے میں بتائیں گے، وہ مزاحیہ نہیں، بلکہ جسے دیکھ کر آپ کی آنکھوں میں آنسوں آجائیں گے۔
بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں ایک ماں بندر نے اپنی مامتا سے لوگوں کو رونے پر مجبور کردیا۔ ہوا کچھ یوں کہ بندر کا ننھا بچہ درخت سے گر کر ہلاک ہوگیا تھا۔ تاہم بچہ جب درخت سے گرا تو باقی وہاں پر موجود بندر بھی پہنچ گئے تھے۔ لیکن جب انہوں نے دیکھا کہ بچے کی موت واقع ہوچکی ہے تو وہ کچھ دیر بعد وہاں سے چلے گئے تھے۔
اگرچہ بچہ ہلاک ہوگیا تھا مگر ماں بندر نے اپنے عمل سے لوگوں کو رونے پر مجبور کردیا۔ خبر کے مطابق ماں بندر اپنے ہلاک شدہ بچے کے پاس بیٹھی رہی اور اسے بار بار جھنجھور کر دیکھتی رہی کہ شاید وہ اٹھ جائے۔
ماں بندر کی مامتا کو قرار نہ آیا تو وہ مختلف طریقوں سے لوگوں کو پکارتی رہی کہ شاید وہاں کھڑا کوئی شخص اس کی مدد کردے۔ لیکن بچے کی سانسیں تو کب کی بند ہوچکی تھی۔ ماں بندر نے فوراً بچے کو اپنی آغوش میں لیا اور اسے تین دن تک اپنے ساتھ لے کر گھومتی رہی۔
بعد ازاں ماں بندر اسے نامعلوم مقام پر لے گئی۔ جس کا سراغ نہ لگایا جاسکا ہے۔