اسرائیل کیخلاف اپیل مسترد کرنے پر عالمی فوجداری عدالت کے 2 ججز پر امریکی پابندی

image

امریکا نے اسرائیل کے خلاف اپیل مسترد کرنے پر نیدر لینڈز کے شہر دی ہیگ میں قائم عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے 2 ججوں پر پابندیاں عائد کردیں۔

العربیہ اردو کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے گزشتپ روز بیان میں کہا ہے کہ منگولیا اور جارجیا سے تعلق رکھنے والے ان دو ججز نے رواں ہفتے عدالت کے اکثریتی ججز کے ساتھ مل کر اسرائیل کی اس اپیل کے خلاف ووٹ دیا جس میں غزہ کی پٹی میں گزشتہ دو سال کے دوران ہونے والے مشتبہ جرائم کی تحقیقات کے لیے عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے اختیارات کے غلط استعمال کو برداشت نہیں کریں گے، آئی سی سی امریکا اور اسرائیل کی خود مختاری کی خلاف ورزی کرتی ہے اور امریکی و اسرائیلی شہریوں کو غیر قانونی طور پر اپنے دائرہ اختیار کے تابع کرتی ہے۔ انہوں نے کہا محکمہ خارجہ آئی سی سی کی جانب سے اختیارات کے غلط استعمال پر مزید کارروائیوں کا ارادہ رکھتا ہے۔

نئی پابندیوں کا نشانہ بننے والے ججز میں جارجیا کے سابق وزیر انصاف گوچا لارڈکیپانیڈزے اور منگولیا کے اردینی بلسورین ڈیمڈن شامل ہیں۔

اس کے برعکس عالمی فوجداری عدالت نے ایک بیان میں امریکی پابندیوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اس فیصلے کو ایک غیر جانبدار عدالتی ادارے کی آزادی پر براہ راست حملہ قرار دیا۔

نیدر لینڈز کے وزیر خارجہ ڈیوڈ فان ویل نے بھی امریکی پابندیوں کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی عدالتوں اور عدالتی اداروں کو بلا روک ٹوک اپنا کام کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نیدر لینڈز، جہاں عدالت کا صدر دفتر واقع ہے، عدالت اور اس کے عملے کی حمایت جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ ان پابندیوں کے نتیجے میں ججز کے امریکا داخلے پر پابندی ہوگی اور امریکا میں ان کے کسی بھی مالی یا جائیداد کے لین دین کو روک دیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US