نور مقدم کے وحشیانہ قتل کو اگر چہ کئی مہینے گزر چکے ہیں لیکن کیس عدالت میں چلنے کی وجہ سے واقعے کی تفصیلات آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق حادثے کی مکمل سی سی ٹی وی ویڈیو عدالت میں جمع کروائی جاچکی ہے۔
نور مقدم گھر میں فون سنتے ہوئے داخل ہوئیں
ویڈیو میں کیمرے کا وقت پاکستان کے اسٹینڈرڈ ٹائم سے 35 منٹ آگے ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق نور مقدم 18 جولائی کو 10 بج کے 18 منٹ پر فون سنتے ہوئے ظاہر جعفر کے گھر میں داخل ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ اس کے بعد 19 جولائی کو رات 2 بج کر 39 منٹ پر ظاہر جعفر اور نور دونوں ایک بیگ لے کر گیٹ سے باہر نکلتے دکھائی دیتے ہیں اور بیگ کو گھر کے باہر کھڑی ٹیکسی میں رکھ کر واپس گھر آجاتے ہیں۔
نور گھبرائی ہوئی دروازے کی جانب بھاگتی ہےلیکن۔۔۔
اس کے تھوڑی ہی دیر بعد یعنی 2 بج کر 41 منٹ پر نور کافی گھبراہٹ میں ننگے پاؤں گھر کے دروازے کی جانب بھاگتی ہوئی آتی ہیں اس کے بعد 2 بج کر 46 منٹ پر ملزم ظاہر جعفر بھی گیٹ پر پہنچ جاتا ہے۔ اسی دوران گھر کا چوکیدار افتخار گیٹ بند کردیتا ہے اور ظاہر، نور مقدم کو پکڑ لیتا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ نور اس دوران ہاتھ جوڑ کر ظاہر کی منت سماجت کرتی ہے لیکن ملزم نور کو کھینچ کر واپس گھر کے اندر لے جاتا ہے۔
ملزم پہلی منزل سے کود کر آتا ہے اور نور سے موبائل چھین لیتا ہے
ایک دن بعد 20 جولائی کو شام میں 7 بج کر 12 منٹ پر نور مقدم ایک بار پھر سی سی ٹی وی کے کیمرے کے اندر نظر آتی ہیں۔ وہ پہلی منزل سے چھلانگ لگا کر جنگلے پر گرتی ہیں اور لڑکھڑاتی ہوئی دوبارہ دروازے تک آتی ہیں۔ نور باہر جانے کی کوشش کرتی ہیں لیکن مالی اور چوکیدار دروازہ بند کردیتے ہیں۔ ملزم ظاہر جعفر بھی مہلی منزل سے چھلانگ لگا کر گراؤنڈ آتا ہے اور بھاگ کر نور کو پکڑ کر دروازے کے ساتھ بنے کیبن میں بند کردیتا ہے اور نور کا موبائل بھی چھین لیتا ہے اور پھر زبردستی گھر میں لے جاتا ہے۔
قتل کے بعد کے مناظر
امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس وقت تک نور مقدم کا قتل کیا جاچکا تھا کیونکہ اس کے تھوڑی دیر بعد 8 بج کر 6 منٹ پر تھیراپی ورکس ٹیم کی گاڑی ظاہر جعفر کے گھر آتی ہے اور 8 بج کے 46 منٹ پر گھر کے اندر داخل ہونے کی کوشش کرتی ہے۔ واضح رہے ملزم ظاہر جعفر عدالت میں کئی بار اقبال جرم کرچکا ہے البتہ کیس کا فیصلہ آنا ابھی باقی ہے۔