نہ کھانا کھا پارہا ہوں اور نہ کام پر دھیان دے سکتا ہوں۔۔5 ایسے کام جو آپ کے پیاروں کو شدید ذہنی دباؤ سے نجات دلانے میں مدد کرسکتے ہیں

image

“میرا دھیان کہیں اور ہے۔ نہ کھا پارہا ہوں اور نہ ہی کام پر توجہ دے پارہا ہوں۔ اس طرح تو میری نوکری بھی چلی جائے گی“

زین نے بے بسی سے کہا۔ زین کا مسئلہ یہ ہے کہ والدہ کی ابدی جدائی نے اسے سخت ذہنی ڈپریشن میں مبتلا کردیا ہے۔ والدہ تو اس کی بہن شیریں کی بھی تھیں لیکن وہ زین کے مقابلے میں مضبوط اعصاب کی مالک ہے۔ ابھی بھی بھائی کی بے بسی دیکھ کر وہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ کس طرح اپنے بھائی کو اس مسئلے سے نجات دلائے۔

مدد کیسے کی جائے؟

زندگی میں کبھی نہ کبھی ایسے لمحے ضرور آتے ہیں جب ہم یا ہمارے پیارے کسی ذہنی تکلیف میں گرفتار ہوکر ڈپریشن میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔ ایسے میں سمجھ نہیں آتا کہ کیا کریں اور کس سے مد لیں۔ آج ہم آپ کو کچھ ایسے طریقے بتائیں گے جن سے آپ ڈپریشن میں مبتلا اپنے عزیز کو کسی حد تک زندگی کی جانب لانے میں کامیاب ہوجائیں گ

یہ بتائیں کہ وہ اپنی بات کہنے کے لئے محفوظ ہے

اگر آپ کا جاننے والا شخص ڈپریشن میں مبتلا ہے اور آپ اس کی مدد کرنا چاہتے ہیں تو اس بات کا خیال رکھیں کہ اگر آپ کو اس کی کوئی بات یا فیصلہ ناگوار بھی گزرا ہے تو اس پر کوئی سخت رائے دینے سے باز رہیں کیونکہ آپ کی رائے اسے مزید توڑ دے گی۔ اسے محفوظ اور مددگار ماحول فراہم کریں جس سے وہ آپ سے اپنی بات کہنے میں ہچکچائے نہیں۔

مل کر کوئی کام کریں

اگر آپ کو اس کی پسند نا پسند اور مشاغل کا علم ہے تو اس کی پسند کا عمل کریں جیسے کہ کوئی فلم لگادیں یا واک کریں۔ جتائے بغیر انھیں بھی اپنے ساتھ چلنے کو کہیں۔ اس طرح متعلقہ شخص کا دھیان بٹے گا اور وہ اپنی پسندیدہ سرگرمی میں کچھ وقت گزار کر ہلکا محسوس کرے گا۔

وقت دیں

اگر ذہنی تناؤ میں مبتلا شخص بات کرنا نہیں چاہتا تو اسے کچھ وقت دیں اور بار بار کریدیں نہیں۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ کا بغیر بتائے کسی کی مدد کرنا زیادہ اثر کرے گا کیونکہ ڈپریشن میں مبتلا ہونے والا انسان لوگوں کی ہمدردی اور ترس سے چڑ بھی سکتا ہے۔

یہ بتائیں کہ ان کی کتنی اہمیت ہے

اگر آپ کے خاندان کا کوئی فرد زہنی مسائل سے گزر رہا ہے تو کہیں نہ کہیں انھیں اپنی بے وقعتی اور دنیا سے دور ہونے کا احساس بھی ہورہا ہوگا۔ ایسی صورت میں انسان کا ڈپریشن اسے خطرناک اور انتہائی اقدام کی جانب بھی لے جاسکتا ہے۔ ایسے میں اپنے پیاروں سے رابطے میں رہیں اور انھیں بتائیں کہ وہ کتنے اہم ہیں اور آپ ان سے کتا پیار کرتے ہیں۔ اگر ڈپریشن میں مبتلا شخص آپ کا کولیگ یا دوست ہے تو اسے یہ بتائیں کہ اس کی ادارے میں کتنی انفرادی اہمیت ہے اور سب لوگ اسے کتنا پسند کرتے ہیں۔

قدرت کے قریب لے جائیں

قدرت کے قریب جانا انسان کے لئے ہمیشہ ہی ذہنی تناؤ کم کرنے کا سبب بنتا ہے۔ کوئی پالتو جانور، باغبانی یا سمندر کے قریب جانے سے ذہن ہلکا پھلکا ہوجاتا ہے۔

معالج

اگر صورتحال تھوڑی بہتر ہے اور متعلقہ شخص اپنے مسئلے کو سمجھ سکتا ہے تو اسے نفسیاتی ڈاکٹر کے پاس جانے کا مشورہ ضرور دیں۔ ڈپریشن ایک بیماری ہے جسے لوگ بیماری نہیں سمجھتے اور علاج سے دور بھاگتے ہیں۔ اگر وہ شخص خود نہیں جاتا تو پھر آپ کو اس کے حوالے سے خود ہی ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہئیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US