شادی کا جوڑا حسین سے حسین ہو یہ ہر لڑکی کی دلی آرزو ہوتی ہے بھلے اس کے لئے لاکھوں روپے ہی کیوں نہ خرچ کیے جائیں۔ لیکن یہ مہنگا ترین جوڑا زندگی میں صرف ایک بار پہننے کے بعد الماری کی زینت بن جاتا ہے۔ آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ کس طرح اس قیمتی جوڑے سے آپ اس کی اصل قیمت سے زیادہ فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔
کلازٹ نامی آؤٹ لیٹ کے مینجر مشہود طاہر کا کہنا ہے کہ ایک بار انھوں نے ایسی خاتون کو دیکھا جنھوں نے اپنی شادی پر 12 لاکھ کو جوڑا پہنا تھا۔ لیکن اس کے بعد انھوں نے وہ الماری میں رکھ دیا اور کہا کہ یہ جوڑے تو بس ایک بار پہننے کے لئے ہی ہوتے ہیں کیونکہ اتنا بھاری کامدار جوڑا عام تقریبات میں نہیں پہنا جاسکتا۔
اپنا جوڑا کرایے پر دیں اور اصل قیمت سے زیادہ منافع کمائیں
مشہود طاہر نے اردو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ خاتون کا مہنگا اور خوبصورت جوڑا دیکھ کر انھوں نے آئیڈیا دیا کہ کیوں نے اس جوڑے کو ایک دن کے لئے کرایے پر چڑھا کر پیسے کمائے جائیں۔ شروع میں تو خاتون کو یقین نہیں آیا لیکن جب انھیں اپنے جوڑے کی ایک دن کی قیمت ایک لاکھ ملی تو ان کی خوشی کا ٹھکانہ نہیں رہا۔ اس کے بعد انھوں نے اپنے کئی قیمتی جوڑے کرایے پر دیے۔
اکثر لڑکیاں نئے کے بجائے کرایے کا جوڑا لینے کو ترجیح دیتی ہیں
کئی ایسی لڑکیاں جو خود بھی اس بات کی حقیقت سے آگاہ ہیں کہ بارات اور ولیمے کے بھاری بھرکم جوڑے بھلے کتنے لاکھوں کے بنائے جائیں لیکن وہ ایک دو بار کے علاوہ پہننے میں نہیں آتے اس لئے وہ بجائے محنت،وقت اور پیسے خرچ کرکے نیا ڈریس بنوانے کے کرایے پر ہی خوبصورت جوڑا لینے کو ترجیح دیتی ہیں۔
یہ منافع بخش کاروبار ہے
شادی بیاہ کے کامدار جوڑے کرایے پر دینا اب ایک کاروبار بن چکا ہے۔ اگر آپ کا جوڑا بھی قیمتی ہے اور کئی سالوں سے ایسے ہی رکھا ہوا ہے تو آپ بھی اس سے کافی ہیسے کما سکتی ہیں۔