سردی کے موسم میں سب سے بڑا مسئلہ چھوٹے بچوں اور بزرگ افراد کو سینے کے امراض سے بچانا ہوتا ہے کیونکہ یہ لوگ جوان لوگوں کی نسبت بیماریوں کا جلد شکار ہوجاتے ہیں۔ دمہ یا کھانسی کی اکثر کیفیت میں ڈاکٹرز نیبولائزر کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں جس سے کافی لوگ واقف نہیں ہیں۔ اس آرٹیکل میں آپ کو بتایا جائے گا کہ اسے کس طرح استعمال کیا جاتا ہے۔
نیبولائزر سیٹ میں موجود چیزیں
ایک عام ملنے والے نیبولائزر کے سیٹ میں ائیر کمپرسیسر، ماسک یا ماؤتھ پیس، نیبولائزر کپ اور کمپریسر ٹیوب شامل ہوتی ہے۔ ان چیزوں کے علاوہ نیبولائز کرنے لے لئے دوا الگ سے لینی پڑتی ہے جو زیادہ تر لیکوئیڈ کی صورت میں ہوتی ہے اور ڈاکٹر ہی تجویز کرتے ہیں۔
طریقہ استعمال
نیبولائزر استعمال کرنے کے لئے اس کا سیٹ کسی ایسی جگہ رکھ دیں جہاں آرام سے اسے استعمال کیا جاسکتا ہو۔ نیبولائزر سیٹ میں ایک جگہ پائپ لگانے کی جگہ ہوتی ہے جس کا دوسرا سرا نیبولائزر کپ میں لگتا ہے۔ پائپ کے دونوں سرے ایک جیسے ہوتے ہیں اس لئے اس میں کوئی سا بھی سرا کسی بھی حصے میں لگایا جاسکتا ہے۔
نیبولائز کپ ماسک کے ساتھ جوڑا جاتا ہے۔ ڈاکٹر کی دی گئی دوا کی بتائی گئی مقدا کو کب میں ڈالیں اور نیبولائزر سیٹ کا تار سوئچ بورڈ میں لگا کر آن کردیں اس کے ساتھ ہی نیبولائزر سیٹ میں موجود بٹن کو بھی آن کردیں اور ماسک لگا کر سانس لیں۔ ماسک میں آنے والی بھاپ سانس کی نالی اور پھیپھڑوں کو صاف کرتی ہے جس سے ناک اور سینے میں موجود بلغم صاف ہوتا ہے۔
کتنی دیر تک استعمال کرسکتے ہییں؟
پانچ سے پندرہ منٹ تک نیبولائز کرنا محفوظ ہے اس کے علاوہ دن میں 4 بار تک نیبولائز کیا جاسکتا ہے۔ البتہ چھوٹے بچے کے حوالے سے یا ڈاکٹر نے خاص ہدایات دی ہوں تو اس کے مطابق ہی نیبولائزر کا استعمال کرنا بہتر ہے۔
یہ کام کیسے کرتا ہے؟
نیبولائزر عام طور پر دوا کو براہِ راست پھیپھڑوں تک پہنچا کر پھیپھڑوں کو صاف کرتا ہے جس کے بعد الٹی بھی ہوسکتی ہے کیونکہ سینے میں موجود بلغم باہر آنے لگتا ہے۔ اس کے علاوہ اس کی تیز آواز سے کچھ دیر تک سینے کی دھڑکن کا تیز ہونا بھی دیکھا گیا ہے۔
سنگین علامات کی صورت میں مریض کو اسپتال لے جائیں
البتہ اگر سنگین تکالیف کا سامنا ہو تو نیبولائزر فوراً بند کردیں اور مریض کو اسپتال لے جائیں۔ اس بات کا دھیان رکھیں کہ نیولائزر میں ڈالنے والی دوا ہمیشہ ڈاکٹر کی تجویز کردہ ہو۔ نیبولائزر کے علاوہ پھیپھڑے صاف کرنے کے لئے اسٹیم لینا بھی فائدہ مند ہوتا ہے۔
استعمال کے بعد ہمیشہ دھو کر رکھیں
نیبولائزر کو استعمال کے بعد ہمیشہ دھو کر رکھیں تاکہ پرانی دوا اس میں باقی نہ رہ جائے۔ تھوڑے دنوں میں نیولائزر ماسک اور ٹیوب کو اسٹیرلائز بھی کرلینا چاہئیے۔