مغربی ممالک میں یہ ایک عام سی بات ہے کہ لوگ اپنے کتوں کو چہل قدمی کیلئے پارکوں میں لے کر جاتے ہیں۔ تاہم جرمنی کے شہر آئزیناخ میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جہاں دو کتوں کے سامنے عورت نے عورت کو کاٹ لیا۔
ہوا کچھ یوں کہ معمول کے مطابق ایک 27 سالہ نوجوان لڑکی اپنے پالتو کتے کے ساتھ پارک میں پہنچی تو اس نے ایک 51 سالہ خاتون کو اپنے کتے کو پیٹتے ہوئے دیکھا۔ تاہم نوجوان لڑکی نے پہلے تو خاتون کو روکنے کی کوشش کی، جس پر دونوں خواتین میں بحث کے بعد لڑائی شروع ہوگئی۔
دیکھتے ہی دیکھتے دونوں خواتین میں ہاتھا پائی شروع ہوگئی۔ پولیس نے بتایا کہ لڑتے لڑتے بڑی عمر کی خاتون نے کم عمر کی لڑکی کو ٹانگ میں کاٹ لیا، جس سے وہ زخمی ہوگئی تھی۔
جبکہ ان دونوں عورتوں کی لڑائی کے دوران پالتو کتے پاس میں کھڑے انہیں دیکھتے رہے۔ پولیس اس واقعے کی ایف آئی آر درج کر چکی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین کو جسمانی طور پر ایک دوسرے کو زخمی کرنے کے الزام میں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔