بھارت سے متعلق برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ سامنے آگئی جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے لیے 2025 بحرانوں کا سال ثابت ہوا، پاک بھارت فوجی کشیدگی، کرنسی کی کمزوری اور معاشی بے چینی نے بھارت کو مسائل کی زد میں رکھا۔
برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی جانب سے بھارت سے متعلق رپورٹ سامنے آئی ہے۔
برطانوی اخبار کے مطابق بھارت کے لیے 2025 بحرانوں کا سال رہا، ناکام اسٹریٹجک خودمختاری پر بھارت کو امریکا، چین، روس سے تعلقات میں مجبور ہونا پڑا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2025 میں پاک بھارت فوجی کشیدگی، امریکا سے تجارتی محاذ آرائی، مہلک طیارہ حادثہ جبکہ کرنسی کی کمزوری اور معاشی بے چینی نے بھارت کو مسائل کی زد میں رکھا۔
رپورٹ کے مطابق 2025 میں امریکا بھارت تجارتی معاہدہ کئی بار ملتوی ہوا، امریکی ٹیرف سے بھارت پر اقتصادی دباؤ پڑا، جی ایس ٹی اصلاحات محدود شعبوں تک رہنے سے معاشی ترقی میں رکاوٹ رہی، 2025 میں بھارتی روپیہ ڈالر کے مقابلے میں گراوٹ کا شکار رہا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ پاک بھارت تصادم کا دیرپا نتیجہ واشنگٹن کی پالیسی میں واضح تبدیلی کی صورت میں سامنے آیا۔
دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کی جانب سے جنگ بندی کا کریڈٹ لینا بھارت کی بڑی ناکامی رہی۔ ماہرین کے مطابق برطانوی اخبار نے ٹرمپ کے پاکستانی عسکری قیادت سے بڑھتے روابط کو بھارتی سفارتی ناکامی قرار دیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا میں بھارت کی معاشی اور سفارتی گنجائش محدود ہونا بھارت کی کمزور پوزیشن ظاہر کرتی ہے۔
ماہرین کے مطابق بھارت میں روپے کی گراوٹ اور تیل کی قیمتوں میں اضافے سے مزید معاشی بحران نظر آتا ہے، امریکابھارت تجارتی معاہدوں میں ناکامی بھارت کی عالمی معاشی ساکھ میں خلا کی علامت ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت 2025 میں مسائل حل کرنے کے بجائے زیادہ تر انہیں برداشت کرتا دکھائی دیا، بھارت کیلیے 2026 اندرونی کمزوریوں کے سبب چیلنج بنتا دکھائی دیتا ہے۔
ماہرین کے مطابق بھارت کیلیے 2026 علاقائی کشیدگی اور عالمی دباؤ کے تناظر میں بھی بڑھتا چیلنج نظر آتا ہے۔