سوئٹزرلینڈ میں دھماکا: ہلاکتوں کی تعداد 40 ہو گئی، 100 سے زائد زخمی

image

سوئٹزرلینڈ کے مشہور لگژری اسکی ریزورٹ کرانس مونٹانا میں واقع ایک بار میں ہونے والے خوفناک دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 40 ہو گئی ہے جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہیں جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوئس پولیس نے بتایا کہ کرانس مونٹانا کے اسکی ریزورٹ کے ایک بار میں زوردار دھماکا ہوا جس کے فوراً بعد آگ بھڑک اٹھی اور پورا علاقہ شدید افراتفری کا شکار ہو گیا۔ دھماکے کے وقت بار میں نئے سال کی تقریب جاری تھی اور بڑی تعداد میں مقامی و غیر ملکی سیاح موجود تھے۔

ابتدائی طور پر سوئس پولیس نے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد یا دھماکے کی وجوہات کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کیں۔ بعد ازاں اطالوی وزارتِ خارجہ نے سوئس حکام کے حوالے سے تصدیق کی کہ دھماکے میں تقریباً 40 افراد ہلاک جبکہ آگ لگنے کے باعث قریب 100 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں متعدد افراد کو شدید نوعیت کے زخم آئے ہیں جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

سوئس پولیس کمشنر کے مطابق متاثرین میں غیر ملکی سیاح بھی شامل ہیں تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ واقعے کو تاحال دہشت گرد حملہ قرار نہیں دیا جا رہا۔ دھماکے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایک بج کر 30 منٹ پر پیش آیا۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US