غیر ملکی خواتین پاکستانی لباس یعنی قمیض شلوار اور دوپٹہ پہن کر بالکل منفرد دکھائی دیتی ہیں۔ جیسے کہ پی ایس ایل کے ایونٹ میں ایرن ہالینڈ نے پہنے اور دنیا بھر میں ان کے خوب چرچے ہوئے۔ ایرن ہالینڈ کی طرح اب ایک میکسیکن اداکارہ اور آسکر ایوارڈ یافتہ ماڈل لوپیتا نیونگ کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔
یہ غیر ملکی اداکارہ 25 فروری کو پاکستانی آرٹسٹ میشا جاپانوالا کی شادی کی تقریب میں شرکت کرنے کے لیے کراچی تشریف لائیں۔ انہوں نے شادی پر گلابی رنگ کا خوبصورت سا لہنگا پہنا۔ ان کی لہنگے میں تصاویر مداحوں کو خوب پسند آئیں۔ حالانکہ وہ لہنگا بھارتی طرز کا بنا ہوا تھا لیکن لوگوں نے اس پہناوے پر خوب تعریف کی۔
لوپیتا چونکہ اپنے پورے گروپ کے ساتھ پاکستان تشریف لائی ہیں۔ یہ اج کل کراچی میں مختلف جگہوں کا دورہ کر رہی ہیں۔ کبھی ایمپریس مارکیٹ جا رہی ہیں تو کبھی چائے کے ڈھابے میں بیٹھ کر چائے تناول فرما رہی ہیں۔
انہوں نے کراچی میں بس '' 11 '' کا بھی سفر کیا اور اس کے سامنے کھڑے ہو کر پاکستانی قمیض شلوار اور ساتھ میں حجاب پہن کر تصویر بھی بنائی۔ اپنے انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ'' مجھے قمیض شلوار کی یہ زندگی پسند آرہی ہے۔'' یعنی ان کو قمیض شلوار پہننا اچھا لگ رہا ہے۔
لوپیتا نے اپنے ہاتھوں میں مہندی بھی لگائی اور پاکستانی روایتی مردوں کی طرح بس کی چھت پر بیٹھ کر کراچی کی سڑکوں کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے بس کی چھت پر بیٹھ کر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سٹوری بھی شیئر کی جس میں وہ یہ کہتی ہوئی سنائی دیں کہ یہ بسیں کتنی خوفناک بھی ہیں اور مزیدار بھی، یہاں اوپر بیٹھ کر کچھ الگ رہا ہے۔
ان کے پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے پاکستانیوں نے کہا کہ لوپیتا نے شاید پاکستانی خواتین سے زیادہ اچھے سے دوپٹہ پہنا ہے۔ کم سے کم انہوں نے حجاب کی عزت کی۔ خود اداکارہ نے اپنے ایک کپشن میں لکھا کہ کیسا لگ رہا ہے ایک کینیا کی خاتون مشرقی لباس میں۔
ان کی قمیض شلوار کی یہ خوبصورت تصاویر اب تک انسٹاگرام اور فیس بک پر لاکھوں لوگ شیئر کر چکے ہیں۔ اب تو خواتین یہ بھی ڈھونڈ رہی ہیں کہ لوپیتا نے کس برانڈ کے کپڑے پہنے ہیں تاکہ وہ بھی ان کپڑوں کو خریدیں۔
بس پر چڑھ کر بیٹھنے کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے صارفین کہہ رہے ہیں کہ لگتا ہے لوپیتا نے ماہرہ خان کا ڈرامہ ہم کہاں کے سچے تھے کو زیادہ سنجیدگی سے دیکھ لیا اور اب یہ انہی کی طرح بسوں کی چھتوں پر بیٹھ کر شہر کا دورہ کر رہی ہیں۔