ڈرامہ سیریل فاسق کی کل رات آخری قسط نشر ہوئی جس پر صارفین نے دلچسپ کمنٹس کیے۔ اس ڈرامے کی شروعات جب ہوئی تو فاطمہ کا کردار اور مطہر کی پاکیزگی سب کو پسند آئی لیکن جوں جوں ڈرامہ آگے بڑھتا رہا مطہر کے مختلف روپ سامنے آتے رہے۔ لیکن عنیقہ اور اس کی والدہ وہ کردار بن کر ابھریں جو شروعات سے ہی منفی لہجے اور گھر توڑنے والی خواتین ثابت ہوئیں۔ اس سب کے باوجود عنیقہ یعنی سکینہ اور اس کی والدہ سلطانہ یعنی صدف احسن نے جو باکمال اداکاری کی وہ قابلِ تعریف ہے۔
مطہر نے چونکہ نیک آدمی سے ایک گناہ گار آدمی اور پھر ولن بننے کی کوشش کی جس نے ڈرامے میں ربط کو توڑ دیا تھا لیکن آخری قسط نے تو جیسے مداحوں کو خوش کردیا۔
مطہر نے عنیقہ کو گلا گھونٹ کر مار دیا جس کے جرم میں اس کو عدالت نے سزائے موت کی سزا سنائی۔
سوشل میڈیا پر کمنٹس کرتے ہوئے لوگوں نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ اچھا ہوا مطہر کو سزائے موت ہوگئی اس نے جو کچھ کیا جیسے کیا وہ اسی لائق تھا۔ کسی نے کہا کہ عنیقہ اور اس کی ماں کو ہر کسی کے ساتھ برائی کرنے کا نتیجہ بھی برائی کی صورت میں ملا، ایسے لوگوں کے ساتھ یہی ہوتا ہے۔ چال باز عورتیں نہ تو اپنا گھر بسا سکتی ہیں اور نہ ہی کسی کا گھر بسنے دے سکتی ہیں لیکن چونکہ فاطمہ کا کردار شروع سے آخر تک نیک سیرت رہا اس کے اور عمیر کے نکاح سے صارفین خوش بھی ہوئے کہ چلو اچھا ہے کہ اب فاطمہ اپنے بچے کے ساتھ خوش و خرم زندگی گزارے گی۔
وہ تائی جان جس نے ہمیشہ فاطمہ کو اپنی بہو کے روپ میں تسلیم کیا وہ اس کے خلاف ہوئیں، بیٹے کی اس سے شادی پر رضامند بھی نہیں تھیں لیکن آخر میں وہ فاطمہ اور عمیر کے رشتے اور بچے کو لے کر دادی اور نانی جیسی محبت دکھانے لگیں جو یہ واضح کرتا ہے کہ ہر ساس بری نہیں ہوتی۔ آپس میں خاندان میں ہونے والی ہر شادی ناکام نہیں ہوتی۔
عنیقہ کے مرنے سے یہ بات واضح دکھا دی گئی کہ جب آپ کا شوہر غصے میں ہو تو اس کے ساتھ بحث نہ کریں ورنہ انجام تو آپ دیکھ ہی چکے ہیں۔
کوئی بھی رشتہ جلد بازی یا اپنی زبان کی تکرار سے سلجھایا نہیں جا سکتا۔ وہ مائیں جو اپنی بیٹیوں کو شروع سے محبت کی تربیت دیتی ہیں وہی کامیاب مائیں کہلاتی ہیں۔
مطہر کی والدہ نے ہمیشہ اپنے بیٹے کو معصوم اور پاک دامن سمجھا، لیکن جب اس کی دوسری شادی کا وقت آیا تو ماں نے اسے بیویوں میں مساوات کرنے کی ترغیب نہ دی۔ مطہر فاطمہ اور عمیر پر شک کرتا رہا اور اسی شک کی بنیاد نے اس کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا۔
کچھ لوگ تو یہ کمنٹس بھی کر رہے ہیں کہ چھپ کر 3 شادیاں کرنے والے شوہر کا یہ انجام تو بالکل درست ہے کیونکہ اس نے کسی بھی بیوی کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔
جن لوگوں کو اس ڈرامے میں دلچسپی نہ لگی وہ خوش ہیں کہ اب کچھ نیا انٹرٹینمنٹ دیکھنے کو ملے گا۔