گھنی اور گہری بھنوئیں آنکھوں کا حسن نمایاں کرتی ہیں۔ بظاہر معمولی نظر آنے والی یہ بھنوئیں چہرے کے لئے کتنی ضروری ہیں اس کا اندازہ آپ اپنی تصویر کو کسی فوٹو ایڈٹ کی ایب میں ڈال کر اپنی بھنوئیں غائب کرکے خود لگا سکتے ہیں۔ آپ کا چہرہ یکسر تبدیل محسوس ہونے لگے گا۔ لیکن کیا ان بھنوؤں اور پلکوں کا مقصد ہمارے چہرے کی خوبصورتی بڑھانا ہے؟
بھنوؤں کا مقصد
جی نہیں جس طرح آنکھ، کان اور ناک باقاعدہ ایک مقصد کے تحت ہمارے چہرے کا حصہ ہیں ٹھیک اسی طرح بھنوئیں اور پلکیں بھی ہمارے جسم کی ضرورت ہیں۔ بھنوئیں ہماری آنکھوں کے عین اوپر والی ہڈی پر اسی طرح موجود ہوتی ہیں جیسے کسی کھڑکی کے اوپر سایہ دار چھجہ۔ ماہرین کے مطابق یہ بھنوئیں ہماری آنکھوں پر غیر ضروری نمی اور روشنی آنے سے روکتی ہیں جس سے ہمیں دیکھنے میں آسانی ہوتی ہے۔
پلکیں آنکھوں کی حفاظت کرتی ہیں
اسی طرح پلکوں کا بھی آنکھوں کی حفاظت کرنے میں اہم کردار ہے۔ یہ آنکھوں میں کوئی بھی گرد غبار جانے سے روکتی ہیں اور اپنے بالوں میں ہی جکڑ لیتی ہیں۔ اگرچہ پلکوں پر چند بال ہی ہوتے ہیں لیکن پھر بھی ان کی ساخت آنکھوں کی حفاظت کے لئے بہترین ہے۔
چہرے کے تاثرات اور ہماری بھنوؤئیں
بھنوؤں کا ایک مقصد ہمارے چہرے کے تاثرات کو واضح کرنا بھی ہے۔ اگر ہم بغیر بھنوؤں کے آنکھیں اچکائیں گے تو یہ کافی نامکمل سا محسوس ہوگا۔ اسی لئے کہتے ہیں۔۔ نہیں ہے چیز نکمی کوئی زمانے میں۔۔