موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی ملک بھر میں گرمی کی تیز لہر (ہیٹ ویو) کا آغاز بھی ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی بلوچستان، سندھ، جنوبی پنجاب، کشمیر اور آس پاس کے علاقوں کا درجہ حرارت معمول سے 9 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ ہیٹ ویو 20 مارچ تک جاری رہ سکتی ہے۔
ماہرین کی رائے
گرمی کی متوقع شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ موسمیات کے ڈاکٹر ظہیر الدین نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بار موسم کے آغاز سے ہی گرمی کی شدت میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے لہذا شہری احتیاط کریں اور گرمی سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات اپنائیں۔
گرمی سے بچنے کے لئے حفاظتی اقدامات
ڈاکٹر ظہیر الدین کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو سے بچنے کے لئے شہری پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ اس کے علاوہ غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں اور ڈھیلے ڈھالے سوتی کپڑے پہنیں۔