شہر کراچی کے موسم کا کچھ معلوم نہیں ہوتا کہ کب بدل جائے۔ چند دن قبل شہرِ قائد میں سمندری ہوائیں بند ہوگئی تھیں جس کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا تھا اس کے بعد سمندری ہوائیں بحال ہونا شروع ہوئیں تو موسم کچھ بہتر ہوا۔
لیکن اب دوبارہ کراچی میں گرمی کی نئی لہر کی پیشگوئی سامنے آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے موسم کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہوا میں کم دباؤ کی وجہ سے اس وقت کراچی میں گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے اور سمندری ہوئیں بحال ہونے سے ہوائیں بھی تیز رفتاری سے چل رہی ہیں، اور کہیں کہیں بادل بھی دکھائی دیتے ہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق شہر میں اگلے تین روز درجہ حرارت 34 سے36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے تاہم شہر میں 19 اپریل کے بعد سے گرمی کی شدت میں کچھ اضافہ ہوسکتا ہے اور اس دوران پارہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔