سوشل میڈیا کے اس دور میں ہر ہفتے کوئی نہ کوئی واقعہ یا تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوتی ہیں۔ جن کو لوگ تیزی سے شیئر کرتے ہیں۔ ہر ہفتے کچھ نہ کچھ ایسا ضرور ہوتا ہے جس پر لاکھوں لوگ اپنی رائے کا اظہار کرنا پسند کرتے ہیں۔ ایسی ہی کچھ تصاویر ہم آپ کو دکھانے جا رہے ہیں جو پچھلے ہفتے سے لے کر آج بھی سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں۔
ساگر گوپانگ
ساگر گوپانگ کی خودکشی اور ان کا آخری پیغام سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا۔ جس میں درج تھا کہ:
''
سب کو میری طرف سے بہت مبارک ہو، میں اس دنیا سے جا رہا ہوں۔ میں بہت تھک چکا ہوں، مجھے امی کی بہت یاد آتی ہے اور باجی وسیم بھی وہیں ہیں۔ میرے لیے ویسے بھی یہاں اب کچھ نہیں ہے، میں ہر چیز میں ناکام ہوچکا ہوں۔ پڑھائی، فوٹوگرافی، وی لاگنگ، یوٹیوب، فلم میکنگ اور محبت ہر چیز میں ناکام ہوچکا ہوں۔ سنول ریشماں پلیز مجھے معاف کرنا اور ابو آپ بھی مجھے معاف کرنا، مجھے آپ کی بہت یاد آئے گی۔ اس ڈائری میں اپنی کچھ تحریریں چھوڑ کر جا رہا ہوں، ان کو سنبھال کر رکھنا۔ اور میری قبر پر صرف ساگر لکھنا اور کوئی رسومات نہیں کرنا، جب مجھے یہ رسومات نہیں پسند تو ان کو میرے لیے کیا بھی نہ جائے۔ سب خوش رہنا اور میرے اس عمل کا کوئی ذمہ دار نہیں ہے بس مجھ سے امی کے بنا رہا نہیں جاتا۔ میں امی کے پاس جا رہا ہوں۔
''
ساگر اپنی ماں کو حد سے زیادہ یاد کرتا تھا، اکثر اپنی والدہ کی تصاویر اور پرانی یادیں اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر بھی شیئر کرتا رہتا تھا۔ ساگر کے دوستوں کے مطابق وہ کسی سے کچھ نہیں کہتا تھا، بس اپنے کام کو لے کر حد سے زیادہ سوچتا تھا، اس کے فن کی کسی نے قدر نہ کی۔

رنبیر کپور اور عالیہ کی شادی
اداکار رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی شادی کی تصاویر عالمی میڈیا پر چھائی رہیں۔ آج بھی لوگ ان کی یہ تصاویر شیئر کر رہے ہیں اور ان کو خوب پسند کر رہے ہیں۔ یہ بھارت کی ایک شاہی شادی تصور کی جا رہی ہے۔
بلقیس ایدھی
جمعے کے دن معروف سماجی شخصیت اور مادرِ پاکستان ڈاکٹر بلقیس ایدھی کا انتقال ہوگیا تھا جس کے بعد ہر آنکھ عشکبار ہے۔ معروف شخصیات اور اداکار بھی بلقیس ایدھی کے جانے سے غمزدہ ہیں۔ سب ہی تعزیتی پیغام شیئر کر رہے ہیں۔
عامر لیاقت
عامر لیاقت کی تصویر پی ٹی آئی کے جلسے میں لوٹے پر لٹا دی گئی، اس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر اب بھی شیئر کی جا رہی ہیں۔
ساتھ ہی نعرے بھی لگائے جا رہے تھے، "لوٹے لوٹے" کے نام سے بھی پکارا جا رہا تھا۔
عمران خان کی گھڑی
عمران خان نے تحفے میں ملنے والی گھڑی دبئی میں جا کر بیچ دی، اس بات کا چرچہ تو ہر جگہ عام ہے۔ جس پر سیاستدانوں میں لفظی تکرار بھی ہوئی۔ اس پر بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ:
''
کسی دوسرے ملک نے گھڑی تحفے میں دی وہ وزیراعظم نے حکومت سے خرید لی، وزیراعظم نے حکومت سے خریدی گئی گھڑی باہر جا کر بیچ دی تو اس میں کیا جرم ہے۔ گھڑی 5 کروڑ کی ہو یا 10کروڑ کی اگر میری ہے اور میں نے بیچ دی تو اس پر کوئی اعتراض بنتا نہیں؟ شہبازشریف کبھی گھڑی تو کبھی کردار کو بیچ میں لے آتے ہیں، شہبازشریف عمران خان پر کیچڑ اچھالنے کی کوشش کررہے ہیں۔''