نادیہ خان نے بتایا عید کے سستے اور اچھے ڈیزائن والے کپڑے کہاں سے لیں۔۔ مشہور برانڈز کے سستے کپڑوں کی قیمت کتنی ہے؟

image

ویسے تو عید کی تیاری اکثر لوگ رمضان سے پہلے کر لیتے ہیں لیکن آج کل نوجوان لڑکیاں اور خواتین مہنگے برانڈز کی عید کلیکشن کا انتظار رمضان کے آخری عشرے تک کرتی ہیں تاکہ اچھے سے اچھا ڈریس لے سکیں۔ عید کلیکشن میں مشہور برانڈز موسم کے حساب سے جوڑے بناتے ہیں جن کی قیمت ہزاروں میں ہوتی ہے۔ آج کے اس آرٹیکل میں ہم آپ کو ان برانڈز کے بارے میں بتائیں گے جن کو نادیہ خان بھی پسند کرتی ہیں۔ نادیہ نے عید کے حوالے سے خود خریداری کی اور جوڑوں کی قیمت بھی بتائی۔

سستے اور پرانے ڈیزائن کے برانڈز

نادیہ خان نے مختلف برانڈز کے لان کے جوڑے خریدے ہیں اور ان کے کپڑوں اور قیمت کے حساب سے اپنی رائے بھی دی ہے۔ نادیہ کا کہنا ہے کہ کچھ ایسے مشہور برانڈز ہیں جن سے مڈل کلاس طبقہ بھی خریداری کرتا ہے اگرچہ ان کی قیمتیں بہت زیادہ نہیں ہوتیں لیکن آج کل وہ اپنا معیار بھی کھو رہے ہیں اور ان کے پاس کوئی نیا ڈیزائن نہیں ہوتا۔

نئے ڈیزائن ضروری ہیں

نادیہ خان نے زارا شاہجہاں کی لان کے بارے میں کہا کہ ان کے کچھ لان کے سوٹ بہت اچھے ہیں جن کی قیمت ساڑھے سات ہزار یا آٹھ ہزار تک ہے جبکہ ان سلے عید کلیکشن کے جوڑے بارہ ہزار سے زائد قیمت کے ہیں جو کہ لباس کے حساب سے بہت زیادہ ہیں۔ نادیہ کا کہنا تھا کہ زارا شاہجہاں کو اپنی کلیکشن پر مزید محنت کرنے کی اور نئے ڈیزائن دریافت کرنے کی ضرورت ہے۔

کپڑا موسم کی مناسبت سے خریدیں

ایک اور ڈیزائنر ثوبیہ نذیر کی عید کلیکشن کے بارے میں نادیہ خان کا کہنا تھا کہ گرمی کے حساب سے اس برانڈ کے جوڑے زیادہ مناسب نہیں ہیں کیوں کہ ان کی عید کلیکشن میں جیکارڈ اور آرگنزا کے دوپٹے رکھے گئے ہیں جو کافی غیر آرام دہ ہیں البتہ اگر کوئی یہ کپڑا پہن سکتا ہے تو اس کے لئے اس برانڈ میں کافی خوبصورت ڈیزائن موجود ہیں۔ ثوبیہ نذیر کی عید کلیکشن میں ان سلے جوڑوں کی قیمت ساڑھے بارہ ہزار سے شروع ہو رہی ہے۔

نادیہ کا پسندیدہ برانڈ

جبکہ تیسرا برانڈ نادیہ خان نے فرح طالب کا ٹرائی کیا جو کہ ان کے مطابق بہت زیادہ خوبصورت ہے۔ نادیہ کے مطابق فرح طالب کی لان کا نہ صرف کپڑا بہت آرام دہ ہے بلکہ دوپٹہ اور کڑھائی بھی انتہائی نفیس ہے۔ نادیہ کے مطابق اس سال کی عید کلیکشن میں انھیں سب سے اچھی لان فرح طالب کی لگی جب کہ قیمت کے حساب سے وہ تھوڑی زیادہ ہے۔ فرح طالب کے ان سلے جوڑوں کی قیمت ساڑھے بارہ ہزار سے شروع ہوکر 30,40 ہزار تک جا رہی ہے۔

کم لیکن معیاری کپڑے خریدیں

نادیہ کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے دور میں گرمیوں کے جوڑے کم بنائیں لیکن وہی لیں جن کی قیمت زیادہ اور کوالٹی اچھی ہو ورنہ آپ تیار ہو کر جہاں جائیں گی وہاں پر آپ جیسے لباس پہنے کئی خواتین موجود ہوں گی۔

اس سے پہلے نادیہ مختلف وی لاگز میں سستے بازار کے بارے میں بتا چکی ہیں جن میں کراچی کی زینب مارکیٹ اور طارق روڈ وغیرہ بھی شامل ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US