یہ مچھلی کے پیٹ میں 40 دن تک رہے تھے ۔۔ جنت میں داخل ہونے والے 10 جانور کون سے ہیں اور یہ کیوں داخل ہوں گے؟

image

یوں تو اللہ نے جنت انسانوں اوربالخصوص مسلمانوں کے لئے بنائی ہے لیکن بعض روایات کے مطابق تاریخ میں کچھ ایسے جانور بھی گزرے ہیں جو کہ اللہ رب العزت کے مقرب بندوں کی نسبت سے جنت میں داخل ہوں گے ، وہ 10 جانور کون سے ہیں جو کہ جنت میں جائیں گے۔

1۔ القصوٰی۔(حضورﷺ کی اونٹنی)

نبی کریم ﷺ نے اسی اونٹنی کے اوپر سوار ہوکر مدینے کی طرف ہجرت فرمائی تھی۔ نبی کریمﷺ کو اس سے بہت محبت تھی۔ یہی وہ اونٹنی ہے جس کے اوپر سوار ہوکر نبی کریمﷺ نے جبلِ رحمت سے حجۃ الوداع کا خطبہ دیا تھا۔ میدانِ عرفہ میں جس جگہ یہ اونٹنی کھڑی ہوئی تھی اس جگہ اب ایک لوح نصب ہے۔ روایات کے مطابق جب حضورﷺ جب روزِ قیامت شان و شوکت سے جنت میں داخل ہوں گے تو اسی اونٹنی پر سوار ہوں گے، تو اس طرح آپﷺ کی نسبت سے یہ اونٹنی بھی سب سے پہلے جنت میں داخل ہونے والے جانوروں میں سے ایک ہے۔

2۔ حضرت صالح علیہ السلام کی اونٹنی

اس اونٹنی کا ذکرقرآن کی سورۃ ھود کی آیت نمبر 64میں کیا گیا ہے۔ وہ اونٹنی بھی معجزہ اور نشانی کے طور پر مقرر کی گئی تھی ۔ حضرت صالح کی قوم نے ان سے کہا تھا کہ اگر وہ اللہ کے نبی ہیں تو سامنے پہاڑ سے ایک اونٹنی نکال کر دکھائیں جو کہ باہر آکر بچہ بھی پیدا کرے ، چنانچہ ایسا ہی ہوا لیکن ان کی قوم نے اس اونٹنی کو قتل کردیا اس لئے ان پر اللہ کا عذاب نازل ہوا تو روایات کے مطابق یہ اونٹنی بھی جنت میں داخل ہو گی۔

3۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کا بچھڑا

روایات کے مطابق حضرت ابراہیم علیہ السلام کے پاس اللہ کے دو فرشتے تشریف لائے اور انہوں نے انہیں بیٹے کی بشارت دی اور حضرت لوط علیہ السلام کی قوم پرعذاب کا حکم سنایا۔ کیونکہ وہ دونوں فرشتے انسانوں کی شکل میں بطور مہمان آئے تھے اس لئے ان کی تواضع کے لئے حضرت ابراہیم علیہ السلام نے بچھڑا ذبح کیا کہ ان کو کھانا پیش کیا جائے ، تواس بچھڑے کے بارے میں بھی کہا جاتا ہے کہ وہ بھی جنت میں جائے گا۔

4۔ حضرت اسماعیل علیہ السلام کا مینڈھا

اللہ تعالٰی نے جب حضرت ابراہیم کو خواب میں حضرت اسماعیل کو ذبح کرنے کا حکم دیا تو حضرت اسماعیل نے حکم ربی کے آگے سر جھکا دیا اوراللہ کی راہ میں قربان ہونے کے لئے لیٹ گئے۔ تو اس وقت اللہ کے حکم سے ان کی جگہ ایک مینڈھا آگیا جس نے حضرت اسماعیل کو محفوظ فرمایا اور حضرت ابراہیم نے اسے قربان کیا تو اس مینڈھے کے بارے میں بھی کہا جاتا ہے کہ وہ مینڈھا آیا بھی جنت سے تھا تو وہ جائے گا بھی جنت میں۔

5۔ حضرت موسٰی علیہ السلام کی گائے

اس گائے کا ذکر قرآن میں بڑی تفصیل کے ساتھ موجود ہے اسی کے اوپر سورۃ بقرہ ہے ۔ بنی اسرائیل کے لوگوں نے ایک قتل کر دیا ، تو موسٰی علیہ السلام نے اللہ کے حکم سے ان کو ایک موٹی تازی پیلی گائے ذبح کرنے کا کہا اور اس گائے کے گوشت کا ایک ٹکڑا اس لاش پر مارا گیا۔ اس لاش نے زندہ ہوکر اپنے قاتل کا نام بتایا اور پھر مرگیا۔ تو اس گائے کے بارے میں بھی کہا جاتا ہے کہ وہ جنت میں جائے گی۔

6۔ حضرت یونس علیہ السلام کی مچھلی

حضرت یونس اپنی قوم کو عذاب کا بتا کر وہاں سے چل دیئے راستے میں ایک کشتی میں سوار ہوئے تو طوفان آگیا اور کشتی ڈوبنے لگی تو اس وقت رواج تھا کہ اگر کوئی بھاگا ہوا غلام کشتی میں ہوتا تھا تو اس کو کشتی سے پھینک دیا جاتا تھا تو کشتی ڈوبنے سے بچ جاتی تھی تو قرعہ نکالا گیا تو تین دفعہ حضرت یونس کا نام نکلا چنانچہ ان کو کشتی سے پھینک دیا گیا۔ تو اللہ نے مچھلی کو حکم دیا کہ میرے نبی کو اپنے جسم میں محفوظ کر لو۔ تو اس مچھلی کے پیٹ میں 40 دن تک زندہ رہے۔ بعض روایات میں تین دن بھی لکھا گیا ہے۔ تو وہ مچھلی جس نے آپ کو محفوظ کیا وہ بھی جنت میں داخل ہونے والے جانوروں میں سے ایک ہوگی۔

7۔ حضرت عذیرعلیہ السلام کا گدھا

حضرت عذیر کو بخت نصر نے قید کر لیا جب آپ اس کی قید سے رہا ہوئے تو اپنے ملک فلسطین گئے تو آپ کے ساتھ آپ کا گدھا تھا اس گدھے کا ذکر بھی قرآن مجید میں آیا ہے۔ تو وہ گدھا بھی حضرت عذیر علیہ السلام کی نسبت کی وجہ سے قیامت کے روز جنت میں داخل کیا جائے گا۔

8۔ حضرت سلیمان علیہ السلام کی چیونٹی

اس چیونٹی کا ذکر قرآن میں سورۃ نمل میں بڑی تفصیل سے کیا گیا ہے۔ جب حضرت سلیمان کا لشکر آرہا تھا تو اس چیونٹی نے اپنی ساتھیوں سے کہا کہ اپنے اپنے بلوں میں داخل ہو جاؤ ایسا نہ ہو کہ سلیمان علیہ السلام کا لشکر تمہیں کچل دے۔ تو حضرت سلیمان نے اس چیونٹی کو ہتھیلی پر اٹھا کر اس سے کلام کیا ۔ حضرت سلیمان علیہ السلام کی نسبت سے اس چیونٹی کو بھی جنت میں داخل کیا جائے گا۔

9۔ حضرت سلیمان علیہ السلام کا ہد ہد

حضرت سلیمان پوری دنیا کے حکمران تھے اور چرند پرند پر بھی ان کا حکم چلتا تھا۔ حضرت سلیمان نے پیغام رسانی اور پانی تلاش کرنے کے لئے ایک پرندہ ہدہد مقرر کر رکھا تھا جو آپ کے ساتھ ساتھ چلتا تھا اور آپ کے لئے پانی تلاش کرتا تھا تو اس ہد ہد کے لئے بھی کہا جاتا ہے کہ وہ جنت میں داخل کیا جائے گا۔

10۔ اصحابِ کہف کا کتؐا

اصحابِ کہف کے کتے کو بھی کہا جاتا ہے کہ وہ بھی جنت میں جائے گا۔ اصحاب کہف جب دقیانوس سے بھاگ کر غار میں جاکر چھپے تو ان کا کتا بھی ان کے ساتھ تھا۔ انہوں نے بہت چاہا کہ وہ کتا واپس چلا جائے کیونکہ ان کو ڈر تھا کہ وہ کتا بھونکے گا تو وہ پکڑے جائیں گے۔ لیکن وہ واپس نہ گیا اور ان کے ساتھ ہی غار کے دہانے پر بیٹھا رہا ۔اورجس غار میں وہ سو گئے وہیں وہ بیٹھے بیٹھے فوت ہو گیا ۔ تو کہا یہ جاتا ہے کہ یہ کتا بھی اپنی وفاداری کی وجہ سے جنت میں داخل ہو گا۔

اہم نوٹ

ان تمام جانوروں کے بارے میں یہ معلومات مختلف روایات کو جوڑ کر جمع کی گئی ہیں اس کا ذکر کسی مستند احادیث میں نہیں ملتا ہے۔ یہ 10 جانوروں کا ذکر قرآن مجید میں بھی کیا گیا ہے اس کے علاوہ روایات میں بھی اس کا ذکر کیا گیا ہے۔ چنانچہ یہ معلوماتی مضمون تیار کیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US